طاہر حسین کی اہلیہ حجن شمع نہرو وہار وارڈ سے لڑیں گی ایم سی ڈی چناﺅ

افتتاح کے موقع پر حجن شمع نے کہا کہ طاہر حسین کے زندہ رہنے کے با وجود ان کی بیوی بیوہ اور بچے ایک یتیم کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

آفس کا افتتاح
آفس کا افتتاح
user

محمد تسلیم

نئی دہلی: مصطفی آباد اسمبلی حلقہ کے تحت آنے والے وارڈ نمبر ای 59 نہرو وہار سے کو نسلر کے لئے آزاد امیدوار کے طور پر پہلی بار سیاسی میدان میں قدم رکھ کر قسمت آزما ئی کر نے والی حجن شمع زوجہ حاجی طاہر حسین نے سنجے چوک پر اپنے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا۔

اس موقع پر میٹنگ میں موجود سینکڑوں حامیوں کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے اپنے شوہر کی بے گناہی کے ثبوت پیش کئے اور حکمران وقت پر انہیں گزشتہ دو سال قبل علاقے میں رونما ہوئے فرقہ وارانہ فساد میں ایک سازش کے تحت پھنسانے کا الزام عائد کیا۔


حجن شمع نے کہا کہ اس فساد نے جہاں مصطفی آباد کے ہزاروں لوگوں کو متاثر کیا وہیں ان کے شوہر کو سیاسی سماجی اور معاشی طور پر مفلوج کر کے سلاخوں کے پیچھے ڈال دیا۔ انہوں نے کہا کہ حاجی طاہر حسین کے زندہ رہنے کے باوجود وہ ایک بیوہ اور ان کے بچے ایک یتیم کی طرح زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

اس سے قبل دینی پروگراموں کے معروف نقیب مولانا سید قیصر خالد فردوسی نے پہلی بار کسی سیاسی منچ سے خطاب کرتے ہوئے باشندگان نہرو وہار کو حاجی طاہر حسین کی سیاسی، سماجی، فلاحی اور مذہبی خدمات کی یاد دلائی اور دیگر سیاسی پارٹیوں سے قسمت آزمائی کرنے والے امیدواروں سے اپیل کی کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ اپنے سیاسی مفاد سے بالاتر ہو کر وہ حجن شمع کے حق میں حمایت کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی میدان سے فی الوقت دستبردار ہوجائیں۔ ان کا یہ فیصلہ ان کے سیاسی قد کو مز ید بلند کر دے گا۔


مفتی خلیل احمد راضی نے بھی خطاب کرتے ہوئے حجن شمع کو کامیاب کرانے کی اپیل کی اور حاجی طاہر حسین و ان کے اہل خانہ کے لئے اظہار ہمدردی کی۔ سرگرم سیاسی رہنما سعید احمد، قمرالحسن،حنیف منصوری، یونس سلیم اور حاجی آس محمد وغیرہ نے بھی اظہار خیال کر تے ہو ئے کہا کہ ذہنی طور پر حجن شمع الیکشن لڑنے کے لئے تیار نہیں تھیں، مگر باشندگان علاقہ کے بے حد اصرار اور حاجی طاہر حسین کو انصاف دلانے نیز علاقے کی تعمیرو ترقی کے لئے طاہر حسین کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لئے ہم لوگوں نے یہ فیصلہ لیا ہے۔ اب باشندگان علاقہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مظلومہ کے سر پر دست شفقت رکھیں۔

اس موقع پرمفتی نوشاد رضا، ڈاکٹر مفید عالم، قاری نادر رضا، منور بٹو سیفی،عابد خاں، حاجی مزمل، انس فیضی، ماسٹر راشد علی، رفعت علی، گلفام ایڈوکیٹ، واجد ملک، ریشما خاتون، نفیسہ خاتون، شائستہ خاتون اور ثنا پروین سمیت درجنوں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */