دہلی میں ووٹر ادھیکار یاترا کی علامتی شروعات، دیویندر یادو نے بی جے پی پر ووٹ چوری کا الزام لگایا
دہلی پردیش کانگریس صدر دیویندر یادو کی قیادت میں کرول نگر سے ووٹر ادھیکار یاترا کی علامتی شروعات ہوئی۔ یادو نے بی جے پی و الیکشن کمیشن پر ووٹ چوری اور جمہوریت کو کمزور کرنے کا الزام لگایا

نئی دہلی: بہار میں راہل گاندھی کی ووٹر ادھیکار یاترا کی طرز پر دہلی میں بھی اس یاترا کی علامتی شروعات ہوئی۔ دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو کی قیادت میں کراول نگر ضلع کانگریس کمیٹی کے دفتر دیاوید بھون، بُراڑی سے یہ یاترا نکالی گئی۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی جنہوں نے بی جے پی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے لگائے۔
یہ علامتی یاترا ضلع صدر آدیش بھاردواج نے منعقد کی جس میں سابق ایم ایل اے حسن احمد، آبزرور رمیش سبروال، ڈاکٹر پی کے مشرا، منوج یادو، لکشمن راوت، دیپک وششٹھ، سابق کونسلر ایشور باگری، منگیش تیاگی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ ساتھ مختلف اسمبلی حلقوں کے کانگریسی کارکن شریک تھے۔ پارٹی کی تنظیمی مہم کے تحت کارکنوں میں جوش و خروش اور یکجہتی نمایاں نظر آئی۔
اس موقع پر دیویندر یادو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج سے راہل گاندھی بہار میں 1300 کلومیٹر لمبی ووٹر ادھیکار یاترا کا آغاز کر رہے ہیں جو 16 دن میں 20 اضلاع کا احاطہ کرے گی۔ یہ سفر عوام کو غیر اخلاقی نظام کے خلاف متحد کرنے کی کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کانگریس کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسی لڑائی کو دہلی میں بھی جاری رکھے۔
یادو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور الیکشن کمیشن کی سازباز کے نتیجے میں ووٹ چوری کا سلسلہ ملک بھر میں چل رہا ہے اور کوئی بھی غیر بی جے پی ریاست اس سازش سے محفوظ نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حیرت انگیز طور پر عوامی رجحان بی جے پی کے خلاف ہونے کے باوجود وہ مسلسل انتخابات جیت رہی ہے، جو انتخابی دھاندلی کی واضح علامت ہے۔
انہوں نے دہلی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ ووٹ کی حفاظت کے لیے کانگریس کی یاترا کو اپنی حمایت دیں، کیونکہ یہ "ایک شخص ایک ووٹ" کے بنیادی جمہوری حق کی بقا کی جدوجہد ہے۔ یادو کے مطابق ووٹ چوری شہریوں کے سب سے بنیادی آئینی حق پر براہِ راست حملہ ہے۔
دیویندر یادو نے مزید کہا کہ جب راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن کی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کیا تو کمیشن نے جواب دینے کے بجائے ان پر نوٹس جاری کیا۔ ان کا دعویٰ تھا کہ کمیشن بہار میں بھی ایس آئی آر کے ذریعے ووٹ چوری کا منصوبہ اپنا رہا ہے۔
یادو نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ مہاراشٹر میں صرف چار ماہ میں ایک کروڑ نئے ووٹر کہاں سے شامل ہو گئے، جس کا کوئی جواب نہ بی جے پی دے سکی اور نہ ہی الیکشن کمیشن نے۔ ان کے مطابق انہی ووٹوں کی بنیاد پر بی جے پی اسمبلی انتخابات جیت گئی۔ انہوں نے کہا کہ راہل گاندھی نے کرناٹک میں بھی ووٹ چوری کے ثبوت پیش کرکے بی جے پی کے اقتدار حاصل کرنے کے منصوبے کو عوام کے سامنے رکھا۔
آخر میں یادو نے زور دیا کہ کانگریس ملک کے آئین کو بچانے کے لیے لڑ رہی ہے جبکہ بی جے پی اور آر ایس ایس آئین کو مٹانے پر تلی ہوئی ہیں۔ ان کے مطابق بی جے پی عوام کا مینڈیٹ چرا کر اقتدار میں بنی ہوئی ہے اور الیکشن کمیشن بی جے پی کے ایجنڈے پر چلنے والی کٹھ پتلی بن چکا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔