سوئس ایئر طیارے کی دہلی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ، بروقت کارروائی سے ٹل گیا بڑا حادثہ، 6 مسافر زخمی

عینی شاہدین کے مطابق طیارے کے بائیں جانب سے دھواں نکلتا دیکھا گیا جبکہ دائیں جانب لینڈنگ گیئر کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ طیارہ ٹیک آف کرنے ہی والا تھا کہ لینڈنگ گیئر سے گہرا دھواں اٹھتا نظر آیا۔

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ہوائی اڈے پر اتوار کو علی الصبح ایک بڑا طیارہ حادثہ ہوتے ہوتے ٹل گیا۔ زیورخ جارہی سوئس ایئر کی پرواز ایس ڈبلیو آر 146 کے لیفٹ لینڈنگ گیئر سے دھواں نکلتا دیکھ کر پائلٹ نے ٹیک آف کو اسی وقت منسوخ کر دیا۔ اس کے بعد ایئرپورٹ پر مکمل ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔ طیارے میں سوار مسافروں کو محفوظ نکالنے کے دوران ہوئی افراتفری میں 6 افراد زخمی ہوگئے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق ٹیک آف کے دوران طیارے کا انجن فیل ہوگیا جس کی وجہ سے صورتحال تشویشناک ہوگئی۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارے کے بائیں جانب سے دھواں نکلتا دیکھا گیا جبکہ دائیں جانب لینڈنگ گیئر کے قریب آگ لگنے کی اطلاع ملی۔ خبروں کے مطابق طیارہ ٹیک آف کرنے ہی والا تھا کہ اچانک بائیں لینڈنگ گیئر سے گہرا دھواں اٹھتا نظر آیا۔ عملے نے تیزی سے کام کیا اور ٹیک آف کو روک کر جہاز کے تمام 7 ایمرجنسی گیٹ کھول دیے گئے اور مسافروں کو سلائیڈرز کے ذریعے باہر نکالا گیا۔ حالات کی سنگینی کو محسوس کرتے ہوئے فوری طور پر مکمل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا جس سے ہوائی اڈے پر کھلبلی مچ گئی۔


حفاظتی وجوہات کی بنا پر رن وے 28 کو کافی دیر تک بند رکھا گیا  جس سے دیگر پروازوں پر بھی اثر پڑا۔ حالانکہ راحت کی بات یہ رہی کہ جہاز میں سوار تمام مسافروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ ایمرجنسی سلائیڈوں کا استعمال کرکے 232 مسافروں اور عملے کے 13 ارکان کو جلدی اور بحفاظت طریقے سے باہر نکالا گیا۔ اس دوران پرواز 6 افراد زخمی بھی ہوگئے۔ ایئرپورٹ پر موجود فائر بریگیڈ اور سیکیورٹی ٹیم نے فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا اور آگ کو پھیلنے سے روک لیا۔ اس طرح بروقت کارروائی سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ انجن کی خرابی کی اصل وجہ جاننے کے لیے فی الحال تحقیقات جاری ہیں۔

ایئر لائن نے دہلی ہوائی اڈے پر سوئس ایئر کی پرواز سے متعلق واقعے کے بارے میں مزید تفصیلات جاری کی ہیں۔ اس میں کہا گیا ہے کہ پرواز کے کچھ ہی دیر بعد ہندوستانی وقت کے مطابق رات تقریباً 1 بجے کے بعد طیارے کے ایک انجن میں تکنیکی خرابی آگئی تھی۔ حال ہی میں دہلی ہوائی اڈے پر ایک اور واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب آکاسا ایئر اور اسپائس جیٹ کے دو طیاروں کے ونگس آپس میں ٹکراگئے تھے۔ لگاتار ہورہے اس طرح کے واقعات نے ہوائی اڈے کی سیکورٹی اور ہوابازی نظام پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔