دوران پرواز فیل ہوگیا انجن، دہلی ہوائی اڈے پر انڈیگو طیارے کی ایمرجنسی لینڈنگ، ٹل گیا بڑا حادثہ
انڈیگو کے ویٹ لیز پر لیے گئے بی737-800 ہوائی جہاز (ٹی سی سی او این) کی پرواز 6ای 579 (وشاکھاپٹنم- دہلی) میں آج صبح بے قابو طور سے نمبر1 انجن میں خرابی آئی تھی۔

دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈہ (آئی جی آئی) پر ہفتہ کی صبح اس وقت افراتفری مچ گئی جب انڈیگو کی پرواز6 ای579 نے مکمل ایمرجنسی کا اعلان کردیا۔ وشاکھاپٹنم (وی ٹی زیڈ) سے دہلی (ڈی ای ایل) آرہے بوئنگ 737-800 طیارے کا ایک انجن فیل ہو گیا تھا۔ حالانکہ پائلٹ کی حاضر دماغی اور ایئرپورٹ انتظامیہ کی مستعدی سے ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
اطلاع ملتے ہی طیارے کا انجن فیل ہونے کی وجہ سے رن وے 28 پر مکمل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا گیا تھا۔ طیارے نے صبح 10:39 بجے مکمل ایمرجنسی کا اعلان کر دیا۔ اس وقت جہاز میں عملہ سمیت 161 افراد سوار تھے اور ای ٹی اے (لینڈنگ کا وقت) صبح تقریباً 10:52 بجے تھا۔ طیارے میں تقریباً 6.4 گھنٹے کا ایندھن تھا یعنی ایندھن کی کوئی کمی نہیں تھی۔
لینڈنگ کے وقت کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے فائر انجن اور ایمبولینسیں رن وے پر موجود تھے۔ جیسے ہی مکمل ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا، دہلی ہوائی اڈے کے رن وے کے کنارے کریش فائر ریسکیو گاڑیاں تعینات کر دی گئیں۔ ایمبولینسز اور میڈیکل ٹیمیں بھی اسٹینڈ بائی پر تھیں۔ طیارے میں کسی بھی طرح کا خطرناک سامان نہیں تھا جو ایک بڑی راحت والی بات تھی۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پرواز میں ٹیکنیکل خرابی کی کال پر تمام ایجنسیوں کو الرٹ کر دیا گیا۔ انڈیگو کی تکنیکی ٹیم اب طیارے کی گہرائی سے جانچ کرکے خرابی کا اندازہ لگارہی ہے۔
بوئنگ 737-800 ایک جڑواں انجن والا ہوائی جہاز ہے۔ پائلٹ سنگل انجن پر طیارے کو اتار کرلائے۔ اس کی ٹریننگ ہر کمرشل پائلٹ کو دی جاتی ہے لیکن یہ عمل بے حد حساس ہوتا ہے اور اس لئے ایسی صورتحال میں مکمل ایمرجنسی پروٹوکول فعال کیا جاتا ہے۔ سبھی مسافر اور کرو ممبرمحفوظ بتائے جارہے ہیں۔
انڈیگو کے ویٹ لیز پر لیے گئے بی737-800 ہوائی جہاز (ٹی سی سی اواین) کی پرواز 6ای 579 (وشاکھاپٹنم- دہلی) میں آج صبح بے قابو طور سے نمبر1 انجن میں خرابی آئی تھی۔ شدید کمپن کے بعد انجن 1 فیل ہو گیا۔ ہوائی جہاز میں سی ایف ایم56 انجن لگا ہے۔ ایمرجنسی کا اعلان کیا گیا اور طیارے کی بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی۔ اس موقع پر کچھ دیر کے لیے دہلی ہوائی اڈے پر افراتفری کا ماحول رہا۔ طیارے کو معائنہ اور مرمت کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ ڈی اے ایس (این آر) کی طرف سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔