حکومت کے خلاف آواز اُٹھانے والے کی آواز بند کر دی جائے گی: کانگریس

سابق وزیر خزانہ پی. چدمبرم کی گرفتاری کو بدلے کی سیاست قرار دیتے ہوئے کانگریس نے اسے دن دہاڑے جمہوریت کے قتل سے تعبیر کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پی. چدمبرم کی گرفتاری کے خلاف محاذ کھولتے ہوئے کانگریس کے ترجمان رندیپ سنگھ سرجے والا نے کہا ہے کہ ’’پی. چدمبرم کی گرفتاری اس لئے ہوئی ہے کیونکہ انہوں نے کھل کر حکومت کی خامیوں کو عوام کے سامنے ظاہر کیا۔ موجودہ حکومت ہر اس آواز کو بند کر نے پر آمادہ ہے جو اس کے خلاف اٹھ رہی ہے‘‘۔ رندیپ سنگھ سرجے والا کی پریس کانفرنس سے واضح ہوگیا کہ کانگریس پی. چدمبر کی گرفتاری کے خلاف کھل کر حکومت کے خلاف لڑائی لڑنے کے موڈ میں ہے۔

سرجے والا نے کہا کہ چدمبرم کا گناہ صرف یہ ہے کہ انہوں نے ملک کی گرتی معیشت پر اپنی آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ اس حقیقت سے سب واقف ہیں کہ مودی حکومت کی دوسری پاری میں معیشت کا برا حال ہے، ہرشعبہ کی صنعتوں میں تالا بندی کی تلوار لٹک رہی ہے، روپے کی قیمت ڈالر کے مقابلہ گر رہی ہے اور ڈالر وزیر اعظم کی عمر کو بھی پار کر گیا ہے، بے روزگاری بڑھ رہی ہے، کسانوں کے ساتھ ساتھ اب سرمائے دار بھی خودکشی کرنے پر مجبور ہیں۔ سرجے والا نے کہا کہ ملک کو درپیش ان سنگین مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے کے لئے ایسے شخص کو گرفتار کیا جو نہ صرف اقتصادیات کی اچھی سمجھ رکھتا ہے بلکہ ملک کے معروف وکیل ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کے 40 سال عوام کو دیئے ہیں۔


صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے سرجے والا نے کہا کہ چدمبرم کی گرفتاری جمہوریت کا دن دہاڑے قتل ہے۔ انہوں نے پورے معاملہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ 12 سال پرانا ہے اور اس میں جس کمپنی کو فائدہ پہنچانے کا الزام ہے اس کمپنی کے خلاف کوئی کیس نہیں ہے، جن چھ افسران نے جن میں آر بی آئی کے سابق گورنر بھی شامل ہیں، ان میں سے کسی افسر کے خلاف کوئی معاملہ درج نہیں اور گرفتاری چدمبرم کی ہو رہی ہے جن کا نام کسی بھی ایف آئی آر میں نہیں ہے۔ سرجے والا نے کہا اس کیس میں گزشتہ پانچ سال میں کوئی چارج شیٹ داخل نہیں ہوئی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ اس کیس میں کچھ نہیں ہے۔ چدمبرم کو ایسی خاتون کے بیان پر اس کیس میں پھنسانے کی کوشش ہو رہی ہے جو اپنی بیٹی کے قتل معاملہ میں جیل میں سزا کاٹ رہی ہے۔ یہ ملزم خاتون وعدہ معاف گواہ بھی بن گئی ہے، اب یہ دیکھنے کی ضرورت ہے کہ اس خاتون کو اس بیان کا کیا فائدہ ہوتا ہے۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرجے والا نے کہا کہ بی جے پی پروپیگنڈا مشینری اور کٹھ پتلی میڈیا کے ذریعہ ایسے جھوٹ پھیلا رہی ہے جو ان کے دعووں کا ساتھ نہیں دیتے۔ اس موقع پر انہوں نے کچھ پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نہ ہی پی. چدمبرم اور نہ ہی ان کے بیٹے آئی این ایکس معاملہ میں ملزم ہیں، پی. چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کے گھر پر چار مرتبہ چھاپہ مارا گیا اور انہیں بیس مرتبہ طلب کیا گیا، انہوں نے ہر طرح سے تعاون کیا، معاملہ اب صرف ایک وعدہ معاف گواہ کے بیان پر ہے جو خود اپنی بیٹی کے قتل میں جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہے، پانچ سال کی جانچ کے بعد بھی ابھی تک کوئی چارج شیٹ نہیں داخل کی گئی۔


سرجے والا نے کہا کہ حکومت بدلہ لینے کی نیت سے کارروائی کر رہی ہے، لیکن آئینی ادارے اپنا کام کریں، بی جے پی کو ان کارروائیوں کا جواب دینا ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Aug 2019, 12:10 PM