کشمیر: ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ کی ’اسٹرائیک‘ سے شروعات

ریاست جموں کشمیر میں ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ پر تقریبات کا آغاز ہوا ہے لیکن وادی کشمیر کے بیشتر تعلیمی ادارے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر کی جانے والی ہڑتال کی وجہ سے بند رہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سرینگر: مرکزی حکومت کی طرف سے ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ منانے کے احکامات جاری ہونے کے بعد آج ملک کے متعدد اسکولوں میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے لیکن وادی کشمیر میں آج دن کی شروعات مشترکہ مزحمتی قیادت کی کال پر ’اسٹرائیک‘ یعنی کہ ہڑتال سے ہوئی۔ ریاست جموں کشمیر میں ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ پر تقریبات کا آغاز ہوا ہے لیکن وادی کشمیر کے بیشتر تعلیمی ادارے مشترکہ مزاحمتی قیادت کی اپیل پر ہڑتال کی وجہ سے بند تھے۔

ہڑتال کی وجہ سے وادی کے بیشتر تعلیمی اداروں میں جمعہ کو ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ کی کوئی تقریبات منعقد نہیں کی جاسکیں۔ مزاحمتی قیادت نے ہڑتال کی کال سرینگر کے ایک نوجوان کی ہلاکت کے خلاف دی تھی۔

واضح رہے، جموں وکشمیر میں محکمہ اسکولی تعلیم نے 29 ستمبر کو ریاست کے تعلیمی اداروں میں ’سرجیکل اسٹرائیک ڈے‘ منانے اور اس حوالے سے 28 سے 30 ستمبر تک مختلف نوعیت کی تقریبات کا انعقاد کرنے کا باضابطہ حکم نامہ جاری کیا ہے۔

حکم نامے میں ثبوت کے طور پر تین روز تک منعقد کی جانے والی سرگرمیوں پر ایک صفحہ کی رپورٹ، تصاویر اور ویڈیوز پیش کرنے کی ہدایت دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ منعقد کی جانے والی سرگرمیوں کو محکمہ اسکولی تعلیم کی ویب سائٹس پر اپ لوڈ کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے محکمہ اسکولی تعلیم کے حکم نامے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے ’اسکولی بچوں سے کہا جارہا ہے کہ وہ سرجیکل اسٹرائیک ڈے منائیں اور عہدیداروں سے کہا جارہا ہے کہ وہ ثبوت کے طور پر تعمیلی رپورٹیں بشمول ویڈیوز اور تصاویر پیش کریں‘۔ بتادیں کہ ہندوستانی فوج اور مرکزی حکومت کا کہنا ہے کہ فوج نے 28 ستمبر 2016 کو کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے پار پاکستان زیر قبضہ کشمیر میں ‘سرجیکل اسٹرائیک‘ کرتے ہوئے جنگجوؤں کے تربیتی کیمپ تباہ کئے تھے۔

ہندوستانی فوج کے مطابق یہ ’سرجیکل اسٹرائیک‘ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی میں فوجی کیمپ پر حملے جس میں قریب 19 فوجی مارے گئے تھے، کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔ مرکزی حکومت نے امسال سے 29 ستمبر کو ’سرجیکل سٹرائیک ڈے‘ منانے کا اعلان کیا ہے اور اس حوالے سے تعلیمی اداروں کو مختلف نوعیت کی تقریبات منانے کی ہدایت جاری کی گئیں۔

جموں وکشمیر میں محکمہ اسکولی تعلیم کے سکریٹری کی طرف سے جاری ہونے والے ایک حکم نامے میں کہا گیا ہے ’وزارت اطلاعات و نشریات حکومت ہند نے 29 ستمبر کو منائے جانے والے سرجیکل اسٹرائیک ڈے کے حوالے سے مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے انعقاد کے لئے کہا ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے محکمہ داخلہ کے پرنسپل سکریٹری نے سرجیکل اسٹرائیک ڈے کے حوالے سے ریاست میں مختلف سطحوں پر 28 سے 30 ستمبر تک مختلف نوعیت کی سرگرمیوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت دی ہے‘۔

حکم نامے میں سرگرمیوں کی فہرست بھی دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ این سی سی یونٹس کی طرف سے پریڈ کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ ان تقریبات میں جنگوں میں حصہ لینے والے (سابق فوجیوں) کو بھی مدعو کیا جائے۔ سرگرمیوں کی فہرست میں کہا گیا ہے کہ تقریبات کے دوران اسکولی بچے مسلح افواج کی حمایت کا عہد کریں گے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی ادارے یہ تقریبات پولس پبلک اسکولوں اور آرمی گڈول اسکولوں کے اشتراک سے منعقد کریں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Sep 2018, 11:58 AM