سریش رینا نے بیان کی چنئی سپر کنگز کا ساتھ چھوڑ ہندوستان واپسی کی اصل وجہ

بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے سریش رینا کا کہنا ہے کہ "چنئی سپر کنگز آج بھی میری فیملی کی طرح ہے۔ اسے چھوڑ کر وطن واپسی کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔"

تصویر انسائڈ اسپورٹ ڈاٹ کام
تصویر انسائڈ اسپورٹ ڈاٹ کام
user

تنویر

آئی پی ایل 2020 شروع ہونے سے پہلے چنئی سپر کنگز سرخیوں میں ہے۔ پہلے تو کچھ کھلاڑی اور ٹیم اسٹاف کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر نے سرخیاں بٹوریں، اور پھر اچانک سریش رینا کی دوبئی سے ہندوستان واپسی نے لوگوں کو حیران کر دیا۔ سریش رینا کی واپسی کو لے کر کئی طرح کی باتیں میڈیا میں آئیں، لیکن پہلی بار سریش رینا نے اس سلسلے میں اپنی زبان کھولی ہے۔

سریش رینا نے 'کرک بَز' ویب سائٹ سے بات چیت کے دوران واضح لفظوں میں کہا کہ "سی ایس کے (چنئی سپر کنگز) آج بھی میری فیملی کی طرح ہے۔ اسے چھوڑ کر وطن واپسی کا فیصلہ آسان نہیں تھا۔ لیکن میری فیملی کو یہاں میری زیادہ ضرورت تھی اور میرے و سی ایس کے کے درمیان اب بھی گہرا رشتہ ہے۔" ساتھ ہی سریش رینا نے یہ بھی کہا کہ "دھونی بھائی میری زندگی میں خاص مقام رکھتے ہیں۔"


دراصل سریش رینا کی دھونی اور چنئی سپر کنگز کے مالک سے تنازعہ ہونے کی خبریں سامنے آئیں تھیں، جس کے تعلق سے رینا نے واضح کیا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انھوں نے صاف طور پر کہا کہ "کوئی بھی 12.5 کروڑ روپے کو یوں ہی پیٹھ نہیں دکھا سکتا۔ اس کے پیچھے ایک ٹھوس وجہ چاہیے۔ میں بھلے ہی بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکا ہوں۔ لیکن میں اب بھی جوان ہوں اور میں ان کے لیے آنے والے 5-4 سال مزید کھیلنا چاہتا ہوں۔"

واضح رہے کہ رینا کی فیملی پر پنجاب واقع پٹھان کوٹ میں کچھ ڈکیتوں نے حملہ کر دیا تھا۔ اس حملے میں رینا کے پھوپھا کی پہلے ہی موت ہو چکی تھی جب کہ ان کے دو کزن اور بوا کی حالت سنگین بنی ہوئی تھی۔ پیر کی شب رینا کی ایک کزن (پھوپھا زاد بہن) نے بھی دم توڑ دیا اور ان کی بوا کی حالت بھی نازک بنی ہوئی ہے۔ رینا کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ چھوڑ کر وطن واپس لوٹنے کی یہی اصل وجہ تھی کیونکہ اس وقت فیملی کو میری سب سے زیادہ ضرورت تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔