گجرات میں 'کووڈ اسپتال' کا برا حال، مریض نے کہا 'مجھے نکالو ورنہ مر جاؤں گا'

کورونا بحران میں گجرات ماڈل کا پردہ ایک بار پھر فاش ہو گیا ہے۔ یہاں کے کووڈ اسپتال میں داخل کورونا کے مریض اسپتال کی قلعی کھول رہے ہیں اور یہ بدتر حالت ریاست کے تقریباً ہر اسپتال کی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

تنویر

گجرات ماڈل کی قلعی ایک بار پھر کھلتی ہوئی نظر آ رہی ہے۔ کورونا بحران میں یہاں کے اسپتال میں داخل کورونا مریضوں کا حال بدتر ہوتا جا رہا ہے اور وہ خود اسپتال کی حالت زار سے پردہ اٹھا رہے ہیں۔ میڈیا میں اب تک گجرات کے مختلف شہروں میں موجود اسپتالوں کی بدانتظامی کی خبریں پہلے ہی سامنے آ چکی ہیں اور اب تازہ معاملہ سورت کا ہے جہاں کووڈ اسپتال میں نہ کسی طرح کی سہولت ہے اور نہ ہی علاج کا بہتر انتظام۔

سورت واقع 'اسمیمیر اسپتال' کے ایک مریض نے ویڈیو شیئر کر اس اسپتال کی خستہ حالت کی روداد بیان کی ہے۔ وائرل ہو رہے اس ویڈیو سے گجرات کے سرکاری اسپتالوں کی حقیقت سامنے آ رہی ہے۔ ہندی نیوز پورٹل 'آج تک' پر شائع ہوئی ایک خبر کے مطابق علاج کرا رہے کورونا پازیٹو ایک مریض ہنسمکھ واگھمسی آکسیجن پر ہیں۔ انھوں نے ایک ویڈیو وائرل کر اسپتال کی بدحالی کی قلعی کھولی ہے۔ مریض نے ویڈیو میں کہا ہے کہ "مجھے یہاں سے باہر نکالو، نہیں تو میں مر جاؤں گا۔"


مریض نے ویڈیو میں روتے ہوئے کہا ہے کہ "میں اسمیمیر اسپتال میں ہوں۔ یہاں کسی طرح کی سہولت نہیں مل رہی ہے۔ اسپتال کو جانکاری دینے پر وہ اچھے فوٹو اور ویڈیو نکال کر چلے جاتے ہیں اور ساتھ ہی لالچ دے جاتے ہیں۔ میرا تین چار دن سے لگاتار خراب کنڈیشن میں علاج چل رہا ہے۔ میری کوئی دیکھ بھال نہیں کر رہا۔ یقین دہانی کرا کر سبھی چلے جاتے ہیں۔ جلد سے جلد مجھے یہاں سے نکالو ورنہ میں مر جاؤں گا۔ میری دونوں ہاتھ جوڑ کر گزارش ہے۔"

دوسری طرف متعلقہ افسران ہمیشہ کی طرح الزامات سے پلہ جھاڑ رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مریضوں کا اچھے سے علاج کیا جا رہا ہے۔ سورت مہانگر پالیکا کے کمشنر بنچھاندھی پانی سے جب اسپتال کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ان کی ٹیم اسپتال میں اچھی طرح مریضوں کی دیکھ بھال کر رہی ہے اور کوئی شکایت نہ آئے اس کا دھیان رکھا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔