عبادت گاہ ایکٹ کے خلاف داخل عرضی پر سپریم کورٹ نے مرکز کو بھیجا نوٹس، 31 اکتوبر تک جواب دینے کی ہدایت

سپریم کورٹ نے بدھ کے روز مرکزی حکومت سے عبادت گاہ (خصوصی سہولت) ایکٹ 1991 کے کچھ پہلوؤں کی حیثیت کو چیلنج دینے والی عرضیوں پر 31 اکتوبر تک واضح رخ پیش کرنے کو کہا ہے۔

سپریم کورٹ/ تصویر آئی اے این ایس
سپریم کورٹ/ تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سپریم کورٹ نے بدھ کے روز مرکزی حکومت سے عبادت گاہ (خصوصی سہولت) ایکٹ 1991 کے کچھ پہلوؤں کی حیثیت کو چیلنج دینے والی عرضیوں پر واضح رخ پیش کرنے کو کہا ہے۔ ساتھ ہی پوچھا ہے کہ اس معاملے میں جواب داخل کرنے میں کتنا وقت لگے گا۔ چیف جسٹس یو یو للت کی صدارت والی بنچ، جس میں جسٹس ایس رویندر بھٹ اور اجئے رستوگی شامل ہیں، نے مرکز کی نمائندگی کر رہے سالیسٹر جنرل تشار مہتا سے پوچھا کہ ’’مرکزی حکومت کا واضح رخ کیا ہے، آپ جواب کب داخل کریں گے اور اس میں کتنا وقت لگے گا؟‘‘

عرضی دہندگان میں سے ایک کی نمائندگی کرنے والے سینئر وکیل راکیش دویدی نے سماعت کے دوران کہا کہ قانون بغیر بحث کے پاس کیا گیا تھا اور اس معاملے میں قومی اہمیت کے سوال شامل تھے۔ دویدی نے اپنے ذریعہ تیار کردہ 11 سوالات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ قانون کے سوالوں میں آئینی التزامات کی تشریح شامل ہے اور موجودہ معاملے میں عدالت کے ذریعہ غور کیا جا سکتا ہے۔


جمعیۃ علماء ہند کی نمائندگی کرنے والے وکیل ورندا گروور نے دلیل دی کہ اس معاملے کو آگے بڑھانے کے لیے مرکز کا رد عمل اہم ہے۔ مہتا نے کہا کہ جواب اب بھی زیر غور ہے اور دو ہفتہ کا وقت درکار ہے۔ بنچ نے اس پر کہا کہ جب کسی قانون کی اہلیت کو چیلنج پیش کیا جاتا ہے تو مرکز کا رد عمل ضروری ہوتا ہے۔ اس درمیان تیار کیے گئے سوالات کا تذکرہ کرتے ہوئے عرضی دہندگان میں سے ایک کے وکیل نے کہا کہ ایودھیا فیصلے میں سپریم کورٹ کے ذریعہ سوالات پر غور نہیں کیا گیا تھا، جس نے عبادت گاہ ایکٹ کو برقرار رکھا۔

بنچ نے مہتا سے 1991 کے ایکٹ کو چیلنج پیش کرنے پر ایودھیا کے فیصلے کے اثرات کے بارے میں ان کے ذاتی نظریات کے بارے میں پوچھا۔ بنچ نے مہتا سے سوال کیا کہ ’’کیا ایودھیا فیصلے میں قانون شامل تھا؟‘‘ اس کے جواب میں مہتا نے کہا کہ اسے احاطہ نہیں کیا جا سکتا ہے اور معاملے میں جواب داخل کرنے کے لیے وقت درکار ہے۔ دلائل سننے کے بعد بنچ نے مرکز کو 31 اکتوبر یا اس سے پہلے ایک حلف نامہ داخل کرنے کی ہدایت دی۔ ساتھ ہی معاملے کی سماعت کے لیے 14 نومبر کی تاریخ مقرر کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔