گجرات حکومت کو سپریم کورٹ نے لگائی سخت پھٹکار، کہا ’کورونا سے بچانے کی جگہ لوگوں کو آگ سے مارا جا رہا‘

سپریم کورٹ نے پورے ملک میں اسپتالوں کے فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم دیا تھا، لیکن گجرات حکومت نے ایک ایسا حکم جاری کر دیا جس پر آج عدالت عظمیٰ نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے روک لگا دی۔

سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
سپریم کورٹ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سپریم کورٹ نے آج گجرات حکومت کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے حکومت کے اس نوٹیفکیشن پر روک لگا دی جس میں کہا گیا تھا کہ جن اسپتالوں کے پاس عمارت استعمال کی اجازت نہیں ہے، ان پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔ سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے گجرات میں کورونا وبا کے دوران کئی کووڈ اسپتالوں میں آگ لگنے کے معاملے میں ریاستی حکومت کو خوب پھٹکار لگائی۔ آگ لگنے کے واقعات پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ حکومت کا فرض کورونا سے لوگوں کو بچانا ہے، لیکن یہ آگ لگا کر مار دینا چاہتی ہے۔

دراصل گجرات حکومت نے 8 جولائی کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا تھا کہ جن اسپتالوں کے پاس عمارت استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے، ان پر اگلے سال مارچ تک کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ حکومت کا یہ نوٹیفکیشن لوگوں کی حفاظت کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اسپتالوں میں آگ لگنے کے واقعات کو انسانی المیہ قرار دیا۔


غور طلب ہے کہ گزشتہ سال اگست میں احمد آباد کے ’شرے ہاسپیٹل‘ میں 8 کورونا مریضوں کی آگ لگنے کی وجہ سے جان چلی گئی تھی۔ اس کے بعد نومبر میں راجکوٹ کے اودے شیوانند اسپتال کے آئی سی یو میں لگی آگ میں 6 مریضوں کی جان چلی گئی۔ اس کے بعد اس سال مئی مہینے میں بھروچ کے اسپتال میں آگ لگنے کی وجہ سے وہاں داخل 18 کورونا مریضوں کی موت ہو گئی تھی۔

آگ لگنے کے ان واقعات کے بعد سپریم کورٹ نے پورے ہندوستان میں اسپتال کے فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم دیا تھا۔ اسی حکم کے بعد گجرات حکومت نے جن اسپتالوں کے پاس عمارت استعمال کی اجازت نہیں ہے، ان پر کارروائی نہیں کرنے سے متعلق حکم جاری کر دیا۔ اسی معاملے کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ ایسے ایسے اسپتال ہیں جو گزشتہ 30 سال سے چل رہے ہیں اور ان کے پاس فائر سیفٹی کی ترکیب نہیں ہے۔ اس پر بھی حکومت انھیں چھوٹ دینا چاہتی ہے۔


بنچ میں شامل جسٹس چندرچوڑ نے بھی کہا کہ حکومت کو ایسی غیر قانونی عمارتوں میں اسپتال چلانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ اگر ایسی غیر محفوظ عمارتوں میں بھی اسپتالوں کو اجازت دی جاتی ہے تو یہ لوگوں کی جان کے ساتھ کھلواڑ ہے۔ ایسے نرسنگ ہوم نہیں چل سکتے جو پانچ منزل کے ہوں اور ان میں ٹھیک سے لفٹ بھی نہ لگی ہو، ٹھیک سے لوگوں کے نکلنے کی جگہ بھی نہ ہو۔ اگر ہم ڈھیل دیں گے تو آپ اسی طرح سے کام کرتے رہیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔