اڈیشہ کی سیاست میں زوردار ہلچل، کابینہ کے سبھی وزراء نے دیا استعفیٰ

سب سے پہلے سوریہ نارائن پاترو نے اڈیشہ اسمبلی کے اسپیکر عہدہ سے اپنا استعفیٰ سونپا، پھر پٹنایک کابینہ کے سبھی وزراء نے یکے بعد دیگرے استعفیٰ دینا شروع کر دیا۔

نوین پٹنایک، تصویر آئی اے این ایس
نوین پٹنایک، تصویر آئی اے این ایس
user

تنویر

اڈیشہ کی سیاست میں آج ایک بڑی اتھل پتھل دیکھنے کو اس وقت ملی جب نوین پٹنایک کابینہ کے سبھی وزراء نے استعفیٰ دے دیا۔ دراصل وزیر اعلیٰ نوین پٹنایک اپنی کابینہ میں رد و بدل کرنا چاہتے تھے اور اسی مقصد سے انھوں نے اپنے سبھی وزراء کو استعفیٰ دینے کی ہدایت دی تھی۔ اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے سبھی وزراء نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا۔ اب نئے وزراء کل یعنی 5 جون کو حلف لیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سب سے پہلے سوریہ نارائن پاترو نے اڈیشہ اسمبلی کے اسپیکر عہدہ سے اپنا استعفیٰ سونپا، پھر پٹنایک کابینہ کے سبھی وزراء نے یکے بعد دیگرے استعفیٰ دینا شروع کر دیا۔ یہ بھی خبریں سامنے آئی ہیں کہ تنازعہ کا شکار ہونے والے کچھ لیڈروں کی وجہ سے حکومت پر سوال اٹھ رہے تھے، لہٰذا کابینہ میں رد و بدل کا فیصلہ لیا گیا۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئی کابینہ کی حلف برداری اتوار کی صبح تقریباً 12 بجے ہوگی۔ کون کون سے اراکین اسمبلی وزارتی عہدہ کا حلف لیں گے، اس سلسلے میں فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آئی ہے۔ یہ اندازہ ضرور لگایا جا رہا ہے کہ ریاست میں 2024 میں اسمبلی انتخاب ہونا ہیں، اسی کے پیش نظر نوین پٹنایک اپنی نئی ٹیم تیار کرنا چاہتے ہیں۔ اس نئی ٹیم کے ساتھ اسمبلی انتخاب کی تیاریاں بھی شروع ہو جائیں گی۔


واضح رہے کہ اڈیشہ میں 2019 میں ہوئے اسمبلی انتخاب میں نوین پٹنایک کی پارٹی نے 146 اسمبلی سیٹوں میں سے 113 پر فتح حاصل کی تھی۔ بی جے پی کو 23 اور کانگریس کو 9 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی جب کہ لیفٹ کے حصے میں ایک اسمبلی سیٹ آئی تھی۔ ایک اسمبلی سیٹ آزاد امیدوار کے حصے میں گئی تھی۔ اڈیشہ میں حکومت سازی کے لیے 74 اراکین اسمبلی کی ضرورت پڑتی ہے، اور اس لحاظ سے نوین پٹنایک نے بہت مضبوط پوزیشن حاصل کی تھی۔ ان کی کوشش ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخاب میں بھی وہ مضبوطی کے ساتھ حکومت سازی کرنے میں کامیاب ہوں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔