موسیٰ کی ہلاکت کے خلاف جنوبی کشمیر میں ہڑتال جاری

ملی ٹنٹ کمانڈر ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے بعد وادی میں ریل سروس جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رکھی گئی تھی تاہم اتوار کے روز ریل سروس کو بحال کیا گیا۔ لیکن پیر کے روز ایک بار پھر ریل سروس بند رہی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سری نگر: انصار غزوۃ الہند کے بانی و چیف کمانڈر ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے خلاف جہاں جنوبی کشمیر کے بیشتر حصوں میں پیر کے روز مسلسل چوتھے روز ہرتال رہی وہیں انتظامیہ نے وادی میں ریل سروس اور بیشتر تعلیمی اداروں کو بھی بنا بر احتیاط بند رکھا تاہم شہر خاص کے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کے گرد وپیش جمعہ کے روز عائد کی گئی پابندیوں کو پیر کی صبح ہٹالیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملی ٹنٹ کمانڈر ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے خلاف جنوبی کشمیر کے بیشتر حصوں میں پیرکے روز لگاتار چوتھے دن مکمل تعزیتی ہڑتال رہی۔ بیشتر ضلع ہیڈکواٹروں میں بازاروں میں سناٹا چھایا رہا، دکانیں اور دیگر تجارتی سرگرمیاں مفلوج رہیں، سرکاری دفاتر میں بھی کام کاج متاثر رہا اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحمل معطل رہی۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق مہلوک ملی ٹنٹ کمانڈر کے آبائی گاؤں نور پورہ میں واقع رہائش گاہ پرپیر کے روز بھی تعزیت پرسی کے لئے دن بھر لوگوں کا تانتا بندھا رہا۔ جنوبی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں پانچویں روز بھی موبائل انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔


ادھر وادی میں پیر کے روز ریل سروس ایک بار پھر بند رہی۔ ایک ریلوے عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ حکام کی طرف سے تازہ ایڈوائزری موصول ہونے کے بعد وادی میں ریل سروس معطل رکھی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ریلوے حکام مقامی انتظامیہ بالخصوص پولس کی ایڈوئزری پر عمل کرتے ہیں جو مسافروں اور ریلوے املاک کے تحفظ کے پیش نظر ریل سروس کو بند یا بحال کرنے کا فیصلہ لیتے ہیں۔ بتادیں کہ ملی ٹنٹ کمانڈر ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے بعد وادی میں ریل سروس کو جمعہ اور ہفتہ کے روز بند رکھی گئی تھی تاہم اتوار کے روز ریل سروس کو بحال کیا گیا تھا۔

دریں اثنا وادی میں سرکاری احکامات کے پیش نظر جمعہ سے بیشتر تعلیمی ادارے مسلسل بند ہیں۔ حکام نے پیر کے روز بھی یونیورسٹیوں، کالجوں اور ہائراسکینڈری اسکولوں کو بند رکھنے کا اعلان کیا۔ وادی میں بیشتر تعلیمی ادارے ملی ٹنٹ کمانڈر ذاکر موسیٰ کی ہلاکت کے بعد مسلسل بند ہیں۔ تعلیمی اداروں کو طلباء کی طرف سے ممکنہ احتجاجوں کے خدشوں کے پیش نظر بنابر احتیاط بند رکھا گیا ہے۔


تاہم شہر خاص کے نوہٹہ میں واقع تاریخی مسجد کے گرو پیش جمعہ کی صبح عائد کی گئی پابندیوں کو پیر کی صبح ہٹایا گیا۔ یو این آئی کے نامہ نگار کے مطابق پیر کی صبح جامع مسجد کے تمام دروازے کھول دیئے گئے اور جامع مارکیٹ میں دکانیں کھل گئیں اور معمول کی گہماگہمی بحال ہوئی۔ القاعدہ سے منسلک 'انصار غزوۃ الہند' کے بانی اور چیف کمانڈر ذاکر موسیٰ کو فورسز نے جمعرات کی شام جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے ڈاڈسرہ ترال میں ہلاک کیا۔ پولس کے مطابق ذاکر موسیٰ معروف حزب المجاہدین کمانڈر برہان مظفر وانی کے گروپ کا آخری زندہ ملی ٹنٹ تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 27 May 2019, 8:10 PM