انجینئر کی چھٹی کے لئے عجیب و غریب چٹھی، ’اویسی بچپن کے دوست ہیں اور موہن بھاگوت ماما!‘

چھٹی حاصل کرنے کے لئے ایک انجینئر نے اپنے سینئر کو عجیب و غریب چٹھی لکھتے ہوئے کہا کہ ’پچھلے جنم‘ میں اسد الدین اویسی ان کے بچپن کے دوست تھے اور موہن بھاگوت ماما، لہذا انہیں چھٹی دی جائے

انجینئر راج کمار یادو
انجینئر راج کمار یادو
user

قومی آوازبیورو

بھوپال: مدھیہ پردیش کے ضلع مالوا میں اتوار کے روز چھٹی پانے کے لئے ایک انجینئر نے عجیب و غریب خط لکھا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ انہیں اپنے گزشتہ جنم کا احساس ہوا ہے، جس میں اسد الدین اویسی ان کے بال سکھا (بچپن کے دوست) تھے، جبکہ آر ایس ایس کے سربراہ موہن بھاگوت ان کے ’شکونی ماما‘ تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ افسر نے بھی انجینئر کی چٹھی کا انہی کی زبان میں جواب دیتے ہوئے انہیں ہر اتوار ڈیوٹی پر حاضر رہنے کا حکم دیا ہے۔

دراصل، سونسیر ضلع کے انجینئر راج کمار یادو نے اپنے خط میں لکھا کہ اتوار کے روز وہ ضلع کے کسی کام کے لئے حاضر نہیں ہو پائیں گے کیوں کہ انہیں یہ احساس ہوا ہے کہ آتما امر ہوتی ہے۔ نیز گزشتہ جنم میں اسد الدین اویسی ان کے بچپن کے دوست تھے اور موہن بھاگوت ان کے شکونی ماما، لہذا اپنی زندگی کو جاننے کے لئے گیتا کا ورد کرنا چاہتا ہوں۔ ساتھ ہی اپنے اندر کے تکبر کو مٹانے کے لئے بھیک مانگوں گا۔ چونکہ ان کی آتما کا سوال ہے اس لئے انہیں چھٹی دے دی جائے۔


ضلع پنچایت سونسیر کے آفیشیل گروپ پر خط ڈالنے کے بعد ضلع پنچایت کے سی ای او پراگ پنتھی نے بھی انجینئر کو انہی کی زبان میں جواب لکھ دیا۔ انہوں نے لکھا، ’’پیارے انجینئر، آپ اپنا تکبر مٹانا چاہتے ہیں تو خوشی کی بات ہے۔ ہر شخص اکثر اتوار کا دن اپنی مرضی سے گزارنا چاہتا ہے۔ اس تکبر کو ختم کرنا آپ کی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔ لہذا آپ کی روحانی ترقی کی خواہش کے پیش نظر آپ کو حکم دیا جاتا ہے کہ ہر اتوار کو دفتر میں حاضر رہ کر کام کریں تاکہ آپ کے تکبر کا خاتمہ ہو سکے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔