آندھی-طوفان کا پروازوں پر اثر! دہلی ایئر پورٹ کی مشاورت جاری، ایئرلائنز سے رابطہ، میٹرو کا کریں استعمال
آئی ایم ڈی نے کہا کہ دہلی میں کئی مقامات پر بجلی گرنے، غبار آلود آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جس میں ہوا کی رفتار 80 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔

دہلی-این سی آر میں جمعرات کی شام موسم میں اچانک تبدیلی دیکھنے میں آئی۔ شہر کے کئی علاقوں میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ وہیں ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے اگلے چند گھنٹوں کے لیے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے پورے شہر میں خراب موسم کی وارننگ دی ہے۔ آئی ایم ڈی نے کہا کہ دہلی میں کئی مقامات پر بجلی گرنے، غبار آلود آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے جس میں ہوا کی رفتار 80 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور گرج کے ساتھ یہ سلسلہ 31 مئی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ڈائل) نے مطلع کیا ہے کہ خراب موسم اور طوفان کے امکان کی وجہ سے دہلی ایئرپورٹ پر کچھ پروازوں پر اثر پڑسکتا ہے۔ ایئر پورٹ انتظامیہ نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ پرواز کی معلومات کے لیے اپنی متعلقہ ایئرلائنز سے رابطہ کریں۔
دہلی ہوائی اڈے نے ’ایکس‘ پر پوسٹ کرکے لکھا کہ ’’آندھی-طوفان کی وجہ سے دہلی ہوائی اڈے پر کچھ پروازوں پر اثر پڑسکتا ہے۔ مسافروں سے درخواست کی جاتی ہے کہ وہ پرواز کی معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائن سے رابطہ کریں۔ اس کے ساتھ ہی ہوائی اڈے تک پہنچنے میں ممکنہ تاخیر سے بچنے کے لیے ٹرانسپورٹ کے متبادل طریقوں جیسے دہلی میٹرو کا استعمال کریں۔‘‘
اس دوران آئی ایم ڈی کے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت گزشتہ روز کے مقابلے میں تقریباً 3 سے 5 ڈگری سیلسیس کم رہا۔ محکمہ موسمیات نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ جمعرات کو دہلی کے بڑے موسمی اسٹیشنوں پر زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے کم درج کیا گیا۔
اسکائی میٹ کے مہیش پلاوت نے کہا کہ راجستھان کے شمالی حصوں میں پہلے ہی گرج کے ساتھ بارش شروع ہو چکی ہے اور شام تک دہلی میں بھی یہ سلسلہ شروع ہونے اور پوری رات جاری رہنے کا اندازہ ہے۔ پلاوت کے مطابق جمعہ کو گرج چمک کے ساتھ طوفان کی شدت میں اضافہ متوقع ہے اور یہ مرحلہ 30 مئی تک جاری رہ سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ موسمی نظام 31-30 مئی کو گجرات کی طرف بڑھنے کا امکان ہے۔
