شمالی ہندوستان میں موسم تبدیل، دہلی-این سی آر میں تیز بارش، اتر پردیش اور ہریانہ میں طوفان کا الرٹ

موسم کے اچانک بدلے ہوئے مزاج کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات نے دہلی، اتر پردیش، ہریانہ، راجستھان اور اتراکھنڈ کے کئی اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ اس دوران لوگوں کو محتاط رہنے کے لیے بھی کہا گیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

دہلی-این سی آر اور شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں موسم اچانک بدل گیا ہے۔ موسم کے مزاج کو دیکھتے ہوئے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے دہلی، اتر پردیش، ہریانہ، راجستھان اور اتراکھنڈ کے کئی اضلاع میں اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ نے تیز آندھی، آسمانی بجلی گرنے اور موسلا دھار بارش کی وارننگ دی ہے۔ دہلی کے کئی علاقوں میں پہلے ہی بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے کئی روز سے آگ کی بھٹی بنی راجدھانی میں موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ موسم کی اچانک تبدیلی نے گرمی سے لوگوں کو راحت دی ہے لیکن ساتھ ہی احتیاط برتنے کی بھی ضرورت ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے، بعض مقامات پر ہوائیں 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ کئی علاقوں میں درمیانی سے موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ اتر پردیش کے علی گڑھ، جھانسی، مہوبہ اور متھرا میں اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ آگرہ، گوتم بدھ نگر، ہمیر پور اور ہاتھرس میں بھی تیز آندھی اور بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔


ہریانہ کے بھیوانی، چرخی دادری، فتح آباد، حصار، میوات، ریواڑی اور سرسا میں بھی موسم خراب ہونے کا امکان ہے۔ گروگرام، جھجر، جیند، مہندر گڑھ، پلول اور روہتک میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔ راجستھان کے بھرت پور کے لیے بھی شدید موسم کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اتراکھنڈ کے باگیشور، چمولی، پتھورا گڑھ، رودرپریاگ اور اترکاشی کے لیے بھی گرج چمک اور بارش کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔

 دہلی کے تمام اضلاع بشمول وسطی دہلی، مشرقی دہلی، نئی دہلی، شمالی دہلی، شمال مشرقی، شمال مغربی، شاہدرہ، جنوبی، جنوب مشرقی، جنوب مغربی اور مغربی دہلی میں بھی اورنج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دہلی-این سی آر میں شام 6:15 سے رات 9 بجے تک غبار آلود طوفان آنے کا امکان ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار 50 سے 90 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔


اس کے بعد کئی مقامات پر درمیانی سے موسلادھار بارش اور گرج چمک کے ساتھ بجلی گرنے کا امکان ہے۔ بعض علاقوں میں ژالہ باری کا بھی اندیشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسم کی اس تبدیلی کے باعث درجہ حرارت 7 سے 10 ڈگری سینٹی گریڈ تک گرنے کا اندازہ لگایا گیا ہے جس سے گرمی سے راحت ملے گی۔ محکمہ موسمیات نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کھلی جگہوں پر احتیاط برتیں۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔