دہلی-این سی آر میں موسم نے لیا یو-ٹرن، تیز آندھی کے بعد کئی علاقوں میں بارش، شدید گرمی سے ملی راحت
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار تقریباً 40 سے 60 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے درختوں کی شاخیں ٹوٹنے، عارضی ڈھانچے متاثر ہونے اور ٹریفک میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہے۔

دہلی-این سی آر میں موسم نے ایک بار پھر یو-ٹرن لیا ہے۔ کئی علاقوں میں صبح سے تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے بعد گزشتہ چند دنوں سے شدید گرمی سے پریشان لوگوں کو کافی راحت ملی ہے۔ اس دوران نوئیڈا میں بھی ہلکی بارش ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے آج (29 اپریل) کے لیے گرج چمک، بجلی گرنے اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ ماہرین موسمیات کے مطابق دن بھر آسمان ابر آلود رہے گا اور کئی علاقوں میں موسم میں اچانک تبدیلی کا امکان ہے۔
آئی ایم ڈی کے مطابق جیسے جیسے دن چڑھے گا، دوپہر اور شام کے دوران تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک اور بارش ہوسکتی ہے۔ کچھ مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی ہوسکتے ہیں اس لیے محتاظ رہنے کی ضرورت ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کی رفتار تیز ہو سکتی ہے جو تقریباً 40 سے 60 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہے۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے درختوں کی شاخیں ٹوٹنے، عارضی ڈھانچے متاثر ہونے اور ٹریفک میں خلل پڑنے کا اندیشہ ہے۔ گرد وغبار والی آندھی چلنے سے حد بصارت بھی کم ہوسکتی ہے جس کی وجہ سے سڑک اور ہوائی ٹریفک متاثر ہو سکتا ہے۔
موسم میں یہ تبدیلی مسلسل متحرک موسمی نظام کی وجہ سے ہو رہی ہے۔ خطے میں موجودہ سائکلونک سرکولیشن اور مغربی طلاطم کے اثر سے فضا میں نمی اور عدم استحکام پیدا ہوا ہے جس کی وجہ سے بار بار آندھی-طوفان کے حالات پیدا ہو رہے ہیں۔ موجودہ موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے آج درجہ حرارت میں معمولی کمی محسوس کی جاسکتی ہے۔ گزشتہ دنوں کے مقابلے میں گرمی قدرے کم ہوگی تاہم حبس اور موسم کی بدلتی ہوئی صورتحال پریشانی کا باعث بن سکتی ہے۔ وہیں کم از کم درجہ حرارت معمول سے تھوڑا اوپر یا اس کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔
اس دوران آئی ایم ڈی نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کھلے مقامات پر آسمانی بجلی چمکنے کے وقت فوری طور پر محفوظ جگہ پر چلے جائیں۔ خاص طور پر لوگوں کو درختوں، بجلی کے کھمبوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس پورے ہفتے کے دوران موسم اسی طرح غیر مستحکم رہنے کی توقع ہے، جس میں کبھی دھوپ، کبھی بادل اور کبھی آندھی-بارش دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔