مدھیہ پردیش: بھگوا بریگیڈ نے جواہر لال نہرو کا مجسمہ توڑا، 6 شرپسند گرفتار

مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے، ویڈیو میں بھگوا بریگیڈ کے کچھ افراد جواہر لال نہرو کا مجسمہ توڑتے دکھائی دے رہے ہیں۔

تصویر ویڈیو گریب
تصویر ویڈیو گریب
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کی 58ویں برسی سے دو دن پہلے بھگوا بریگیڈ کے کچھ لوگوں نے مدھیہ پردیش کے ستنا ضلع میں ان کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا۔ سوشل میڈیا پر واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بیدار ہوئی پولیس نے ویڈیو کی تصدیق کے بعد ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے 6 شرپسندوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بھگوا بریگیڈ لفظ کا استعمال آر ایس ایس، بی جے پی اور ان سے جڑے دیگر معاونین کے لیے کیا جاتا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہوئے واقعہ کی ویڈیو کے مطابق 6-5 لوگوں کے ایک گروپ نے بھگوا جھنڈا لیے نہرو کے مجسمہ کے نچلے حصے کو نقصان پہنچا کر اسے تباہ کرنے کی کوشش کی، جو ضلع کلکٹریٹ کے پاس نصب ہے۔ ویڈیو میں دایاں محاذ تنظیموں سے جڑے شرپسند عناصر کو مجسمہ پر لاٹھی اور لوہے کی راڈ مارتے دیکھا جا سکتا ہے۔ بھگوا بریگیڈ کے اراکین میں سے ایک کو نہرو کے مجسمہ کو ہتھوڑے سے توڑنے کی کوشش کرتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے۔


اس درمیان ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اور مدھیہ پردیش کانگریس صدر کمل ناتھ نے ٹوئٹر پر اس واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے قصورواروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ انھوں نے واقعہ کی ویڈیو بھی شیئر کی۔ یوتھ کانگریس کے سابق راجدیپ سنگھ نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی کانگریس نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ وہیں مدھیہ پردیش کانگریس کے ترجمان کے کے مشرا نے کہا کہ بھگوا بریگیڈ کے غیر سماجی عناصر چاہے کتنی بھی کوششیں کر لیں، وہ نہرو کی وراثت کو ختم نہیں کر سکتے۔

پولیس نے وائرل ویڈیو کی تصدیق کے بعد ایف آئی آر درج کر چھ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ستنا ضلع کے ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ نامعلوم لوگوں کے خلاف معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔ ان پر نہرو کے مجسمہ کو نقصان پہنچانے اور سماج میں بدامنی پیدا کرنے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ معاملے میں آگے کی جانچ جاری ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔