سری نگر کا مشہور سنڈے مارکیٹ ایک ماہ کے بعد کھل گیا، لوگوں نے کی جم کر خریداری

رواں برس 15جنوری کو کورونا وائرس کے پیش نظر بند کیے جانے والے مشہور سنڈے مارکٹ میں اتوار کو تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی گئی۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر جموں وکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سری نگر کے سیول لائنز میں ہر اتوار کو لگنے والا مشہور سنڈے مارکیٹ زائد از چار ہفتوں کے بعد کھل گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ رواں برس 15جنوری کو کورونا وائرس کے پیش نظر بند کیے جانے والے مشہور سنڈے مارکٹ میں اتوار کو تجارتی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سستی قیمتوں کی فروخت کے لئے مشہور اس مارکیٹ میں اپنا سامان سجانے اور فروخت کرنے والے ریڈہ بانوں نے کرونا وائرس سے متعلق گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کا متعلقہ حکام کو یقین دلایا ہے۔

یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار، جنہوں نے اتوار کو اس مشہور مارکیٹ کا دورہ کیا، کے مطابق ریڈہ بانوں نے اس مارکیٹ میں اپنا سامان سجایا۔ انہوں نے کہا کہ بعض ریڑہ بانوں نے چھوٹے چھوٹے بورڈ اور پلے کارڈ ایستادہ کر رکھے تھے جن پر لکھی گئی تحریروں کے ذریعے خریداروں سے ماسک پہننے اور سماجی دوری کا خیال رکھنے کی تاکید کی گئی تھی۔ سنڈے مارکیٹ میں موجود خریداروں نے یو این آئی اردو کے نامہ نگار کو بتایا کہ وہ سنڈے مارکیٹ کو کھلا دیکھ کر کافی خوش ہیں۔


چار ہفتوں کے بعد سنڈے مارکیٹ میں وادی کے اطرا ف و اکناف سے آئے ہوئے لوگوں نے جم کر خریداری کی۔ بتادیں کہ سری نگر کے سیول لائنز میں ٹی آر سی کراسنگ سے تاریخی لال چوک تک ہر اتوار کو سنڈے مارکیٹ لگتا ہے جس میں سینکڑوں ریڑہ بان ضرورت زندگی کی مختلف چیزیں بالخصوص ملبوسات سستے داموں فروخت کرتے ہیں۔ سنڈے مارکیٹ کے مسلسل بند رہنے سے اس کے ساتھ جڑے ریڑہ بان سخت معاشی پریشانیوں سے دوچار تھے۔ اب اس مارکیٹ کے کھلنے سے انہیں بڑی راحت نصیب ہوئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */