مودی جی! 70 سالوں کی رٹ چھوڑ کر اصل مسائل پر بات کیجئے: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو دشواریوں کا سامنا ہے، آخر کب تک اصل مسائل سے عوام کو بھٹکایا جائے گا؟

پرینکا گاندھی / تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @INCIndia
پرینکا گاندھی / تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @INCIndia
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں کی خودکشی کے معاملے میں گذشتہ 6 سالوں میں اضافے کا انکشاف کرنے والی ایک میڈیا رپورٹ کے حوالے سے وزیر اعظم نریندر مودی سے سوال کیا ہے کہ ملک کے نوجوانوں کو دشواریوں کا سامنا ہے، آخر کب تک اصل مسائل سے عوام کو بھٹکایا جائے گا؟

پرینکا گاندھی نے جس میڈیا رپورٹ پر رد عمل ظاہر کیا ہے اس کے مطابق بے روزگاری کی وجہ سے نوجوانوں کے خودکشی کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ میں اس کے اعداد و شمار بھی پیش کئے گئے ہیں۔ ٹوئٹ میں پرینکا گاندھی نے رپورٹ کے حوالہ سے کہا کہ گذشتہ 6 سالوں میں بے روزگاری سے خود کشی کرنے والوں کی تعداد میں 60 فیصدی اضافہ ہوا ہے۔ سال 2018 سے 2020 کے درمیان بے روزگاری کی وجہ سے ہر مہینے اوسطاً 12 لوگوں نے خودکشی کی ہے۔


پرینکا گاندھی نے لکھا، ’’مودی جی 70 سالوں کی رٹ چھوڑ کر اصل مسائل پر بات کیجئے۔ نوجوان تکلیف میں ہیں۔ کب تک اصل مسائل سے بھٹکائیں گے۔‘‘

ادھر، بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سربراہ مایاوتی نے بھی اس رپورٹ پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے بے روزگار کی وجہ سے خودکشی کے معاملے میں اضافہ پر تشویش ظاہر کی ہے۔ مایاوتی نے بی جے پی کو نصیحت کی کہ وہ ملکی مفاد میں تنگ نظری کو ترک کر دے اور حقیقت سے روگردانی نہ کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔