سری نگر: تصادم میں چیئرمین ’تحریک حریت‘ کے بیٹے جنید صحرائی سمیت 2 ملی ٹنٹ ہلاک

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کنہ مزار نواح کدل میں مارے گئے دو ملی ٹنٹون میں جنید احمد صحرائی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مہلوک ملی ٹنٹوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

سری نگر: پائین شہر سری نگر کے کنہ مزار نواح کدل میں پیر اور منگل کی درمیانی شب کو شروع ہونے والے ایک مسلح تصادم میں تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کے فرزند جنید احمد صحرائی سمیت دو ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے ایک افسر سمیت چار سیکورٹی فورسز اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔

انتظامیہ نے احتیاط کے طور پر پورے سری نگر میں موبائل فون و انٹرنیٹ خدمات منقطع کرادی ہیں۔ تاہم سرکاری مواصلاتی کمپنی بی ایس این ایل کی موبائل فون اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ خدمات کو معطلی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔ نیز پائین شہر میں کسی بھی طرح کے احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات کردی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ کنہ مزار نواح کدل میں مارے گئے دو ملی ٹنٹون میں جنید احمد صحرائی بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں مہلوک ملی ٹنٹوں کا تعلق حزب المجاہدین سے تھا۔


تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کا فرزند جنید احمد صحرائی تصادم میں ہلاک ہو گیا
تحریک حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین محمد اشرف صحرائی کا فرزند جنید احمد صحرائی تصادم میں ہلاک ہو گیا

تیس سالہ جنیدر صحرائی، جنہوں نے کشمیر یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی تھی، نے 24 مارچ 2018 کو حزب المجاہدین کی صفوں میں شمولیت اختیار کی تھی۔ جموں وکشمیر پولیس کے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر دو الگ الگ ٹوئٹس میں کہا گیا کہ نواح کدل تصادم کے دوران حزب المجاہدین سے وابستہ دو ملی ٹنٹ مارے گئے ہیں۔ ان میں مزید کہا گیا کہ تصادم کی جگہ سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔


سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے نواح کدل میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز نے گزشتہ رات دیر گئے مذکورہ علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلاشی آپریشن کے دوران وہاں موجود ملی ٹنٹوں نے سیکورٹی فورسز کی ایک پارٹی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک افسر سمیت سی آر پی ایف کے تین اور جموں وکشمیر پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔

پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ رات دیر گئے طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ منٹوں تک جاری رہا۔ تاہم علاقے میں منگل کی صبح باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ 'کنہ مزار نواح کدال سری نگر میں ملی ٹنٹوں کی موجودگی کے متعلق پولیس کو ایک مصدقہ اطلاع ملی۔ رات کے وقت طرفین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کچھ دیر تک جاری رہا۔ اس میں ایس او جی پولیس کا ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ صبح کے وقت طرفین کے درمیان پھر سے گولہ باری شروع ہوئی۔ کچھ گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن میں دو ملی ٹنٹ مارے گئے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 May 2020, 5:40 PM