سری نگر: ڈل جھیل کی فضائوں میں ’ایئر شو‘ کا انعقاد

'ایئر شو' کے انعقاد کے پیش نظر ڈل جھیل اور اس کے مضافات میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ مصروف ترین بلیوارڈ روڑ کو ہفتے کے روز ہی سویلین گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @Imrannissar2
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @Imrannissar2
user

یو این آئی

سری نگر: انڈین ایئر فورس نے اتوار کو یہاں شہرہ آفاق ڈل جھیل کی فضائوں میں ایک 'ایئر شو' کا انعقاد کیا جس سے بڑی تعداد میں طلبہ، مقامی لوگ اور سیاح لطف اندوز ہوئے۔ سری نگر میں 14 سال کے طویل عرصے کے بعد منعقد ہونے والا یہ 'ایئر شو' ملک کی آزادی کے 75 سال پورے ہونے کے سلسلے میں منائے جا رہے 'آزادی کا امرت مہا اتسو' پروگرام کی ایک کڑی تھا۔

'ایئر شو' کے انعقاد کے پیش نظر ڈل جھیل اور اس کے مضافات میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔ مصروف ترین بلیوارڈ روڑ کو ہفتے کے روز ہی سویلین گاڑیوں کی آمد و رفت کے لئے بند کیا گیا تھا۔


جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن کمپلیکس کے سبزہ زار میں 'ایئر شو' دیکھنے کے لئے جمع ہوئے طلبہ اور دیگر افراد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 ستمبر کا دن ایئر فورس اور جموں و کشمیر کی تاریخ میں سنہری الفاظ میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 'مجھے بے حد خوشی ہے کہ آج ہم سب اس تاریخی موقعے کے گواہ بنے ہیں اور ہماری نوجوان نسل اس سے ترغیب حاصل کر کے زیادہ سے زیادہ تعداد میں انڈین ایئر فورس جوائن کرے گی'۔

منوج سنہا نے کہا کہ جموں و کشمیر کے بچوں اور نوجوانوں کے خوابوں کو اڑان دینے کے لئے ایک لمبے انتظار کے بعد ایئر فورس کے سوریہ کرن دستے نے آج آسمان میں کرتب دکھایا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'آج جو کرتب آپ نے دیکھا ہے اس کے لئے انڈین ایئر فورس کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ ایک موقعے پر ہمیں لگا کہ ہم سری نگر میں نہیں بلکہ نئی دہلی کے راج پتھ پر انڈین ایئر فورس کو کرتب دکھاتے ہوئے دیکھ رہے ہیں'۔


اس موقع پر نیشنل کانفرنس کے صدر و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے علاوہ انڈین ایئر فورس، بھارتی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سول انتظامیہ کے متعدد سینیئر عہدیدار موجود تھے۔ انڈین ایئر فورس کے مطابق 'ایئر شو' کے دوران طلبہ اور دیگر لوگ سوریہ کرن ایروبیٹکس ٹیم، پیراموٹر اینڈ پاورڈ ہینگ گلائیڈر، مگ 21 بائیسن کے فلائی پاسٹ، ایس یو 30 ایئرکرافٹ اور آکاش گنگا سکائی ڈائیونگ کے کرتب سے محظوظ ہوئے۔

ایک سرکاری ترجمان نے بتایا کہ اس 'ایئر شو' کا بنیادی مقصد وادی کشمیر کے نوجوانوں کو انڈین ایئر فورس میں داخل ہونے کی طرف راغب کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس شو میں بڑی تعداد میں طلبہ نے شرکت کر کے انڈین ایئر فورس کی متاثر کن کرتب بازی دیکھی۔ طلبہ کے علاوہ اساتذہ بھی اس موقعے پر موجود رہے۔ ترجمان نے کہا کہ اس شو سے طلبہ کو اپنے خوابوں کی دنیا کو پورا کرنے کا حوصلہ ملا ہے۔


انہوں نے کہا کہ 'اس شو کے دوران طلبہ کو انڈین ایئر فورس کی طرف سے حاصل کی جانے والی نئی تکنیکی حصولیابیوں سے بھی روشناس کرایا گیا ہے۔ نیز انڈین ایئر فورس میں روزگار کے مواقع کی جانکاری بھی فراہم کی گئی'۔ سری نگر میں مقیم دفاعی ترجمان کرنل عمران کے مطابق اس موقع پر ایک تصویری نمائش بھی منعقد کی گئی جس میں انڈین ایئر فورس کی تاریخ کو دکھایا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */