درگا پنڈال میں گھس گئی تیز رفتار بس، 20 زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویشناک

پنڈال میں موجود لوگ حادثے سے اتنے مشتعل ہو گئے کہ انہوں نے بس کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ پولیس کو بھیڑ کو پرسکون کرنے اور ان کے غصے پر قابو پانے کے لیے بڑی مشقت کرنا پڑی ۔

<div class="paragraphs"><p>سڑک حادثہ / یو این آئی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کے جبل پور میں اس وقت بڑا حادثہ پیش آیا جب ایک تیز رفتار بس درگا پنڈال میں گھس گئی۔ حادثے کا شکار بس ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوکرعقید تمندوں سے بھرے درگا پنڈال میں جاکر گھس گئی۔ خبروں کے مطابق حادثے میں پولیس اہلکاروں سمیت تقریباً 20 افراد زخمی ہوئے جن میں سے سات لوگوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ملزم بس ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا ہے۔

اس سلسلے میں جبل پور کے ضلع مجسٹریٹ (ڈی ایم) راگھویندر سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثے کے وقت بس ڈرائیور نشے میں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ نو انٹری آرڈر کے باوجود ڈرائیور بس کو شہر میں لے کر آ گیا تھا جس کے نتیجے میں سیہورا کے قریب گوری تراہا کے پاس درگا پنڈال میں یہ حادثہ ہوا۔


ڈی ایم نے میڈیا کو بتایا کہ تازہ ترین معلومات کے مطابق حادثے میں کل 20 لوگ زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نو انٹری پوسٹ پر تعینات ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا ہے۔ خوش قسمتی سے بس خالی تھی اور اس میں کوئی مسافر نہیں تھا ورنہ بڑا حادثہ ہوسکتا تھا۔ ملزم شرابی ڈرائیور فی الحال پولیس کی حراست میں ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق 30 ستمبر (منگل) کی دیر رات درگا پنڈال میں پوجا جاری تھی، عین اسی وقت ایک بے قابو بس پنڈال کے اندر گھس گئی۔ بس کی رفتار بہت زیادہ تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ پنڈال میں گھسنے سے پہلے بس نے باہر کھڑی کئی گاڑیوں کو بھی ٹکر ماری۔


اطلاع کے مطابق اس حادثے میں شدید زخمیوں کو سیہورا سے جبل پور میڈیکل کالج منتقل کیا گیا ہے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سیہورا پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور حالات کو قابو میں کیا۔ پنڈال میں موجود لوگ حادثے سے اتنے مشتعل ہوئے کہ انہوں نے بس کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ پولیس کو بھیڑ کو پرسکون کرنے اور ان کے غصے پر قابو پانے کے لیے بڑی مشقت کرنا پڑی، بصورت دیگر حالات کافی بگڑ سکتے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔