اترکاشی کے نوجوان صحافی راجیو کی موت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات ہونی چاہیے: راہل گاندھی
راہل گاندھی نے کہا کہ جو لوگ سچ لکھتے ہیں، عوام کے لیے آواز بلند کرتے ہیں، اقتدار سے سوال کرتے ہیں - انہیں دھمکیوں اور تشدد سے خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں حزب اختلاف کے رہنما راہل گاندھی نے اتراکھنڈ کے اترکاشی میں نوجوان صحافی راجیو کی گمشدگی کے بعد مردہ پائے جانے کے واقعہ پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک ہولناک واقعہ ہے جس کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی ضرورت ہے۔
راہل گاندھی نے سوشل میڈیا ایکس پر لکھا، "اتراکھنڈ کے نوجوان صحافی راجیو پرتاپ سنگھ جی کی گمشدگی اور پھر مردہ پایا جانا نہ صرف افسوسناک ہے بلکہ ہولناک ہے۔ میں سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں۔"
انہوں نے کہا، "بی جے پی کے دور حکومت میں، ایماندار صحافت خوف اور عدم تحفظ کے سائے میں جی رہی ہے۔ جو لوگ سچ لکھتے ہیں، عوام کے لیے آواز بلند کرتے ہیں، اقتدار سے سوال کرتے ہیں - انہیں دھمکیوں اور تشدد سے خاموش کرانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ راجیو جی کا پورا واقعہ ایسی ہی سازش کی طرف اشارہ کرتا ہے۔"
راہل گاندھی نے کہا کہ راجیو کی موت کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات فوری کرائی جانی چاہئے اور متاثرہ خاندان کو بلا تاخیر انصاف ملنا چاہئے۔قابل ذکر ہے کہ نوجوان صحافی راجیو کی لاش ان کے لاپتہ ہونے کے کئی دن بعد اترکاشی میں ملی تھی۔ بتایا جاتا ہے کہ انہوں نے وہاں کچھ انکشافات کیے تھے اور تب سے لاپتہ تھے۔ شبہ ہے کہ انہیں قتل کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔