گانگولی کی بی جے پی میں جانے کی اٹکلیں تیز، کل بنگال کے گورنر سے ملے تھے آج امت شاہ کے ساتھ آئیں گے نظر

بی جے پی میں شامل ہونے کی اٹکلوں کے بیچ کرکٹر سوروبھ گانگولی آج دہلی میں وزیر داخلہ امت شاہ کے ساتھ ایک تقریب میں نظر آئیں گے۔

تصویربشکریہ مغربی بنگال کے ٹوئٹر اکاؤنٹ
تصویربشکریہ مغربی بنگال کے ٹوئٹر اکاؤنٹ
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور بی سی سی آئی کے صدر سوروبھ گانگولی کی بی جے پی میں شامل ہونے کی اٹکلیں تیز ہوگئی ہیں۔ واضح رہے کل اچانک سوروبھ گانگولی مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکڑ سے ملنے گئے اور آ ج وہ دہلی میں ڈی ڈی سی اے کی ایک تقریب میں شرکت کرنے آ رہے ہیں اور اس تقریب میں وزیر داخلہ امت شاہ بھی موجود رہیں گے۔

واضح رہے گورنر سے کل کی ان کی ملاقات کو ایک رسمی ملاقات قرار دیا گیا ہے اور آج بھی وہ ڈی ڈی سی اے کی جس تقریب میں شرکت کرنے آ رہے ہیں وہ بی سی سی آئی کے صدر کے طور پر آ رہے ہیں۔دراصل آج دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ کرکٹ میدان میں ڈی ڈی سی اے کے سابق صدر مرحوم ارون جیٹلی کے مجسمہ کی نقاب کشائی ہوگی جس میں وزیر داخلہ امت شاہ بھی شریک ہوں گے۔


اے بی پی نیوز کے مطابق سوروبھ گانگولی نے کل کی اپنی گورنر سے ملاقات کے تعلق سے کہا ہے کہ وہ آخر کسی سے کیوں نہیں مل سکتے۔ ملاقات کے بعد سوروبھ نے میڈیا کے لوگوں سے بات نہیں کی تھی لیکن گورنر نے اس ملاقات کی تصاویر اور ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی تھیں۔

واضح رہے یہ پہلا موقع نہیں ہے جب سوروبھ گانگولی کے تعلق سے بی جے پی میں شامل ہونے کی بات کہی جا رہی ہے اس سے پہلے بھی کئی موقوں پر یہ بات کہی جاتی رہی ہے۔ سیاسی گلیاروں میں یہ بات بھی کہی جاتی رہی ہے کہ سوروبھ گانگولی مغربی بنگال اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کا چہرہ ہوں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */