پی ایم مودی سے پہلے سماجوادی پارٹی لیڈروں نے ’پوروانچل ایکسپریس‘ کا کیا علامتی افتتاح

سماجوادی پارٹی لیڈران کا کہنا ہے کہ اس کا نام ’سماجوادی پوروانچل ایکسپریس وے‘ تھا اور اس کا سنگ بنیاد سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو پہلے ہی کر چکے ہیں، اس لیے آج ہم اس کا علامتی افتتاح کر رہے ہیں۔

تصویر ٹوئٹر@samajwadiparty
تصویر ٹوئٹر@samajwadiparty
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی لیڈران و کارکنان نے آج وزیر اعظم نریندر مودی سے پہلے ہی پوروانچل ایکسپریس وے کا ’علامتی افتتاح‘ کر دیا۔ اس دوران انھوں نے سائیکل یاترا بھی نکالی۔ سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی او سابق وزیر درگا پرساد یادو اور سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی نفیس احمد سمیت سینکڑوں کارکنان علی الصبح سائیکل سے پوروانچل ایکسپریس وے پر پولیس کو چکما دے کر پہنچ گئے۔ ایکسپریس وے پر سماجوادی پارٹی لیڈروں نے سائیکلیں کھڑی کر کے پھولوں کی بارش کی اور علامتی طور پر پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کر دیا۔ اس کے بعد سماجوادی پارٹی لیڈران کے ساتھ کارکنان نے کئی کلومیٹر تک ایکسپریس وے پر سائیکل بھی چلائی۔

اس دوران سماجوادی پارٹی رکن اسمبلی نفیس احمد نے کہا کہ ’’پوروانچل ایکسپریس کا سنگ بنیاد اور اس کو بنانے کا کام اکھلیش یادو نے اپنے وزیر اعلیٰ رہتے ہوئے ہی شروع کیا تھا اور سماجوادی ایکسپریس وے کی شکل میں پوروانچل کو ایک سوغات دی تھی، جس سے پوروانچل کی ترقی کا راستہ کھل سکے۔ بی جے پی حکومت لگاتار اکھلیش یادو کے کاموں پر اپنی مہر لگا کر اپنا نام کر رہی ہے، ان کی کوئی سوچ نہیں ہے۔‘‘


نفیس احمد کا کہنا ہے کہ ’’آج اسی طریقے سے سماجوادی پوروانچل ایکسپریس وے کا نام بدل کر پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں، لیکن ہم لوگوں نے درگا پرساد یادو کی قیادت میں آج پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح کر دیا۔ پھولوں کی بارش کر دی جس سے یہ پیغام جا سکے کہ اس اتر پردیش کی ترقی کا راستہ کوئی بنا سکتا ہے، اس کو کوئی آگے لے جا سکتا ہے تو اس کا نام اکھلیش یادو ہے۔‘‘

دلچسپ بات یہ ہے کہ ایکسپریس وے کے علامتی افتتاح کی اطلاع سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو نے پہلے ہی دے دی تھی، اس کے باوجود پولیس محکمہ اور ضلع انتظامیہ اس کو لے کر سنجیدہ نہیں تھا۔ علامتی افتتاح کی خبر جب ملی تو انتظامیہ حرکت میں آئی۔ یو پی پولیس کے ہاتھ پیر پھول گئے۔ حالانکہ اس وقت تک سماجوادی پارٹی لیڈران و کارکنان اپنا کام کر کے جا چکے تھے۔


دراصل سلطان پور ضلع میں وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ 16 نومبر یعنی منگل کو پوروانچل ایکسپریس کے افتتاح کا پروگرام طے تھا اور یہ وقت مقررہ پر ہوا بھی۔ اس سلسلے میں سبھی تیاریاں کی جا چکی تھیں، لیکن سماجوادی پارٹی لیڈران و کارکنان کے ذریعہ پہلے ہی اس ایکسپریس وے کا علامتی افتتاح کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔