پارلیمنٹ میں کیک کاٹ کر منایا گیا سونیا گاندھی کا 79واں جنم دن، کئی پارٹیوں کے لیڈران رہے موجود
کیک کاٹنے کے وقت کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو جیسے سرکردہ لیڈران موجود رہے۔

کانگریس کی سابق صدر اور راجیہ سبھا رکن سونیا گاندھی آج 79 سال کی ہو گئی ہیں۔ ملک کے مختلف حصوں میں پارٹی کارکنان نے سونیا گاندھی کا جنم دن منایا۔ پارلیمنٹ میں بھی مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران کی موجودگی میں کیک کاٹ کر انتہائی سادگی سے سونیا گاندھی نے اپنا جنم دن منایا اور لوگوں کی مبارکباد قبول کی۔ اس موقع پر سماجوادی پارٹی سمیت کئی دیگر پارٹیوں کے لیڈران موجود رہے۔ اس دوران سونیا گاندھی سمیت وہاں موجود تمام لیڈران کافی خوش نظر آ رہے تھے۔
کیک کاٹنے کے وقت کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی اور سماجوادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو جیسے سرکردہ لیڈران موجود رہے۔ اکھلیش یادو کے علاوہ سماجوادی پارٹی کے دیگر لیڈران میں ڈمپل یادو، محب اللہ ندوی اور ضیاء الرحمن برق بھی موجود رہے۔ کانگریس لیڈران میں مذکورہ بالا کے علاوہ کے سی وینو گوپال اور عمران پرتاپ گڑھی سمیت کئی دیگر لیڈران بھی نظر آئے۔ کیک کاٹنے اور خوشگوار لمحات گزارنے کے بعد سونیا گاندھی پارلیمنٹ سے گھر کو روانہ ہو گئیں۔ سونیا گاندھی سے جب پارلیمنٹ احاطہ میں پوچھا گیا کہ کیا ان کے جنم دن پر ملک کے لیے کوئی پیغام ہے تو انہوں نے جواب میں کہا ’وندے ماترم۔‘
قابل ذکر ہے کہ اکھلیش یادو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سونیا گاندھی کی تصویر شیئر کی ہے۔ اس کے ساتھ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’سونیا گاندھی کو جنم دن کی بہت بہت مبارک باد، ساتھ ہی صحت مند اور فعال زندگی کے لیے نیک خواہشات۔ چلو مل جل کر بانٹیں مسکان۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر سونیا گاندھی کو یومِ پیدائش کی مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے لکھا کہ ’’محترمہ سونیا گاندھی کو جنم دن کی مبارک باد۔ ان کی طویل عمر اور صحت کے لیے دعائیں۔‘‘



Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔