کانگریس پارلیمانی کمیٹی اجلاس: سونیا گاندھی مودی حکومت پر برہم، ’ارکان پارلیمنٹ کی معطلی غیرمعمولی اور ناقابل قبول‘

کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ کسان تحریک کے دوران 700 کسان اپنی جان گنوا چکے ہیں اور حکومت کو ان کا احترام کرنا چاہئے۔

کانگریس پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتیں پارٹی کی صدر سونیا گاندھی/ تصویر اے آئی سی سی
کانگریس پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتیں پارٹی کی صدر سونیا گاندھی/ تصویر اے آئی سی سی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: پارلیمنٹ کے مرکزی ہال میں کانگریس پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں کانگریس کی موجودہ صدر سونیا گاندھی، سابق صدر راہل گاندھی سمیت پارٹی کے دیگر ارکان پارلیمنٹ شامل ہوئے۔ اجلاس کے دوران شہید کسانوں، حزب اختلاف کے ارکان پارلیمنٹ کی معطلی اور مہنگائی جیسے مسائل پر بحث کی گئی۔

کانگریس پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران کانگریس صدر سونیا گاندھی نے تحریک کے دوران جان گنوانے والے کسانوں، مہنگائی، سرحد پر کشیدگی اور مہنگائی جیسے موضوعات پر مودی حکومت کی تنقید کی۔ سونیا گاندھی نے حزب اختلاف کے راجیہ سبھا کے ارکان کی معطلی پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا۔


کانگریس صدر سونیا گاندھی نے کہا کہ کسان تحریک کے دوران 700 کسان اپنی جان گنوا چکے ہیں اور حکومت کو ان کا احترام کرنا چاہئے۔ انہوں نے کسانوں کے معاملہ میں مودی حکومت کو بے حس قرار دیا۔ وہیں، مہنگائی کے معاملہ پر مودی حکومت کو نشانہ پر لیتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ عوام مہنگائی سے پریشان ہیں لیکن حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔

سونیا گاندھی نے مزید کہا کہ مودی حکومت سرکاری اداروں کو تباہ کر رہی اور ملک کی املاک کو فروخت کر رہی ہے۔ سرحد کی موجودہ صورت حال پر بھی سوال کھڑے کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ سرحد پر حالات کے تعلق سے ہم پارلیمنٹ میں تفصیلی بحث کا مطالبہ کرتے ہیں۔ 12 ارکان پارلیمنٹ کی معطلی پر سونیا گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی معطل شدہ ارکان پارلیمنٹ کے حق میں اور اس فیصلہ کے خلاف کھڑی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔