کانگریس کے 52 ارکان پارلیمان بی جے پی سے لوہا لینے کے لئے کافی: راہل گاندھی

کانگریس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سونیا گاندھی کو ایک مرتبہ پھر سے قائد منتخب کر لیا گیا ہے۔ میٹنگ کے دوران راہل گاندھی نے کانگریس کے منتخب شدہ ارکان سے جد و جہد کا راستہ اختیار کرنے کی تلقین کی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کانگریس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران یو پی اے کی چیئر پرسن سونیا گاندھی کو ایک مرتبہ پھر پارلیمانی پارٹی کی قائد منتخب کیا گیا ہے۔ اس دوران کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے اپنے پُر جوش خطاب سے کانگریس رہنماؤں میں جان پھونکتے ہوئے انہین مضبوط رہنے کی تلقین کی۔ علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ہم 52 ارکان پارلیمان ہی بی جے پی سے لڑنے کے لئے کافی ہیں۔

ہفتہ کے روز پارلیمان کے سینٹرل ہال میں منعقدہ کانگریس پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے دوران پارٹی کے صدر راہل گاندھی نے ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تمام کانگریس ارکان کو یہ یاد رکھنا چاہئے کہ ہم سب آئین کی بقا کی جنگ لڑ رہے ہیں اور بغیر کسی بھید بھاؤ ملک کے ہر باشندہ کی آواز بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم 52 ارکان پارلیمان ہیں اور میں یقین دلاتا ہوں کہ یہ 52 ہی بی جے پی سے انچ انچ لڑنے کے لئے کافی ہیں۔


کانگریس کے 52 ارکان پارلیمان بی جے پی سے لوہا لینے کے لئے کافی: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے مزید کہا کہ بی جے پی نفرت اور غصہ کا استعمال ہمارے خلاف کرے گی اور آپ اس کا مزہ لیں، آپ مشتعل نہ ہوں، یہ وقت غور و خوض کرنے اور از سر نو توانائی حاصل کرنے کا ہے۔


ادھر، اجلاس کے دوران سونیا گاندھی نے پارلیمانی پارٹی کی قائد منتخب ہونے کے بعد کانگریس کے حق میں ووٹ کرنے والے 12.13 کروڑ رائے دہندگان کا شکریہ ادا کیا۔ حالانکہ اس اجلاس میں حزب اختلاف کی قائد کے حوالہ سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم یہ ذمہ داری سونیا گاندھی پر چھوڑی گئی ہے۔

سونیا کو پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کئے جانے پر راہل کی مبارکباد

کانگریس صدر راہل گاندھی نے ترقی پسند اتحاد (یوپی اے) کی صدر سونیا گاندھی کو کانگریس پارلیمانی پارٹی کا لیڈر منتخب کئے جانے پر مبارکباد دی ہے۔ راہل گاندھی نے سونیا گاندھی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پارٹی مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی اور ملک کے آئین کو بچانے کی لڑائی مضبوطی سے لڑے گی۔

کانگریس صدر نے پارٹی کارکنان اور کانگریس کو ووٹ دینے والے ووٹروں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہر کانگریس کارکن کو دھیان رکھنا ہوگا کہ ان کی لڑائی آئین کو بچانے اور ہر ہندوستانی کے حقوق کی حفاظت کےلئے ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Jun 2019, 1:13 PM