سونیا اور راہل نے کبھی بھی آگسٹا ویسٹ لینڈ معاہدہ میں مداخلت نہیں کی: انٹونی

سابق وزیر دفاع اے کے انٹونی نے موجودہ حکومت اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جھوٹی باتیں بنا رہی ہے اور سونیا گاندھی و راہل گاندھی کا نام بلاوجہ اس معاملہ میں گھسیٹ رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

آگسٹا ویسٹ لینڈ معاہدہ میں بی جے پی نے کانگریس صدر راہل گاندھی اور یو پی اے چیئرپرسن سونیا گاندھی کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے لیکن اے کے انٹونی نے بی جے پی کے سبھی الزامات کو آج مسترد کر دیا۔ پیر کے روزانٹونی نے میڈیا سے بات چیت کے دوران واضح لفظوں میں کہہ دیا کہ ’’سونیا اور راہل نے آگسٹا معاہدہ میں کبھی بھی مداخلت نہیں کی تھی۔‘‘

سابق وزیر دفاع انٹونی نے آگسٹا ویسٹ لینڈ وی وی آئی پی ہیلی کاپٹر گھوٹالہ معاملے میں کانگریس پر ہو رہے لگاتار حملوں کے درمیان بیان دیا ہے کہ ’’آگسٹا ویسٹ لینڈ ہیلی کاپٹر حصولی کے وقت میں وزیر دفاع تھے۔ میں بتانا چاہتا ہوں کہ سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے کبھی بھی معاہدہ اور ہیلی کاپٹر حصولی کے وقت مداخلت نہیں کی۔ معاہدہ کے لیے اگسٹا ویسٹ لینڈ کا انتخاب افسران کے جائزہ کے بعد کیا گیا تھا۔‘‘ انٹونی نے علاوہ ازیں یہ بھی کہا کہ ’’جب رپورٹ اٹلی سے آئی تھی تب اس میں بدعنوانی کی بات سامنے آئی۔ اس وقت میں نے ہی سی بی آئی جانچ کا حکم دیا تھا، موجودہ حکومت نے نہیں۔ اس کے بعد ہماری حکومت نے غیر معمولی فیصلہ لیتے ہوئے اٹلی کی عدالت میں آگسٹا ویسٹ لینڈ کے خلاف کیس لڑنے کا فیصلہ کیا۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’آخر میں ہم کیس جیت بھی گئے۔‘‘

میڈیا سے بات چیت کے دوران اے کے انٹونی نے موجودہ حکومت اور بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ ایجنسیوں کے ساتھ مل کر جھوٹی باتیں بنا رہی ہے اور سونیا گاندھی و راہل گاندھی کا نام بلاوجہ اس معاملہ میں گھسیٹ رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 31 Dec 2018, 6:09 PM