سپاہی کا ٹریکٹر سے کچل کر قتل، کانکنی مافیا پر الزام، پرینکا نے کہا- ’جنگل راج میں کوئی محفوظ نہیں‘

پرینکا گاندھی نے کہا، ’’آگرہ میں کانکنی مافیا کے لوگوں نے سپاہی پر ٹریکٹر چڑھا کر مار ڈالا۔ بتائیے مجرموں کو اتنی چھوٹ کیوں ملی ہے یو پی میں؟‘‘

تصویر بشکریہ امر اجالا
تصویر بشکریہ امر اجالا
user

قومی آوازبیورو

آگرہ: اترپردیش میں ضلع آگرہ کے خیرا گڑھ علاقہ میں اتوار کو کان مافیا کے غنڈوں نے ایک پولیس کانسٹیبل کو ٹریکٹر سے کچل کرقتل کر دیا۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس پر شدید رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کے جنگل راج میں آج کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔

پولس ذرائع نے بتایا کہ یمنا کی ریت سے غیرقانونی کان کنی کی اطلاع پر پولیس ٹیم نے شینیا علاقہ میں خیرا گڑھ روڈ پر ناکہ بندی کی تھی۔ موقع پر انتظار کرنے کے بعد پولیس ٹیم واپس آرہی تھی کہ خیرا گڑھ علاقہ کے گاوں سون کا بڑا نگلا کے قریب انہیں بالو سے لوڈ ٹریکٹر ٹرالی نظرآئی۔ پولیس نے بدمعاشوں کو روکنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے فائرنگ کرتے ہوئے ٹریکٹر کی رفتار بڑھا دی، جس سے سپاہی سونو چودھری ٹریکٹر کی زد میں آگیا اور موقع پر ہی اس کی موت ہوگئی۔


انہوں نے بتایا کہ زخمی سپاہی کو اسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ شہید سپاہی علی گڑھ جٹاری کا باشندہ تھا اور 2018 میں اسے ملازمت حاصل ہوئی تھی۔ پولیس فرار بدمعاشوں کو تلاش کر رہی ہے۔

کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے اس خبر کو شیئر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا، ’’خواتین محفوظ نہیں۔ صحافی محفوظ نہیں۔ پولیس کے سپاہی محفوط نہیں۔ بچے محفوظ نہیں۔ تاجر محفوظ نہیں۔ بی جے پی حکومت کے راج میں پھیلے اس جنگل راج میں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔‘‘ پرینکا گاندھی نے مزید کہا، ’’آگرہ میں کانکنی مافیا کے لوگوں نے سپاہی پر ٹریکٹر چڑھا کر مار ڈالا۔ بتائیے مجرموں کو اتنی چھوٹ کیوں ملی ہے یو پی میں؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔