بہن۔بھائی کا پیار خونخوار کتے پر حاوی! نہتے لڑ کر 8 سالہ بہن نے بچائی 5 سالہ بھائی کی جان
کتے سے لڑنے میں بہن لیزا بھی زخمی ہو گئی۔ اسی دوران وہاں پہنچےمحلے کے لوگوں نے آوارہ کتے کو بھگایا۔ زخمی بھائی ۔ بہن کوکھلچی پور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں دونوں کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے.

بھائی بہن کا پیار تمام رشتوں سے منفرد ہوتا ہے اور اس پیار کے آگے انسان سب کچھ فراموش کردیتا ہے خواہ اس کی جان ہی کیوں نہ مشکل میں پڑجائے۔ اس کا تازہ ثبوت مدھیہ پردیش میں دیکھنے کو ملا ہے۔ ریاست کے راج گڑھ میں اپنے 5 سال کےمعصوم بھائی کو خطرے میں دیکھ کر 8 سالہ بڑی بہن اپنی جان کی پرواہ کئے بغیرہ ایک خونخوار کتے سے لڑ گئی۔ اس نے لگاتار 3 منٹ تک لڑتے ہوئے اپنے چھوٹے بھائی کو بچا لیا۔ یہی نہیں اس کی عقلمندی کا علم یہ تھا کہ شدید ٹھنڈ میں اس نے اپنی ٹی شرٹ اتاری اور بھائی کے سر پر باندھ کر اس کے سر سے بہہ رہے خون کو بھی روک دیا۔ اس بہن۔بھائی کے پیار کی شہر اور ضلع بھر میں چرچا ہورہی ہے۔
یہ واقعہ راج گڑھ ضلع کے کھلچی پور شہر کے وارڈ نمبر 3سومواریہ کا ہے، جہاں ایک مزدور سریش راؤ کا 5 سال کا بیٹا کرش اور 8 سال کی بیٹی لیزا اپنی خالہ کے گھر گئے ہوئے تھے اور گھر کے باہر کھیل رہے تھے۔ اس دوران ایک آوارہ خونخوار کتا وہاں آیا اور اس نے 5 سال کے معصوم کرش پر اچانک حملہ کردیا اور اسے نوچنے لگا۔ بچے کی چیخیں سن کر کرش کی 8 سالہ بہن لیزا جو قریب ہی کھیل رہی تھی، نہتےکتے سےمزاحمت کرنے لگی۔ وہ تقریباً 3 منٹ تک کتے سے لڑتی رہی اور آخر کار اپنے معصوم بھائی کرش کو بچالیا۔ لیزا کا بھائی کرش شدید زخمی تھا اور اس کے سر سے خون بہہ رہا تھا۔ تبھی لیزا نے اپنی ٹی شرٹ اتاری اور بھائی کے سر پر باندھ کر بہتے ہوئے خون کو روک دیا۔
کتے سے لڑنے میں بہن لیزا بھی زخمی ہو گئی۔ اسی دوران محلے کے لوگ بھی وہاں آگئے اور اس آوارہ کتے کو بھگایا۔ زخمی بھائی اور بہن کوکھلچی پور کے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں دونوں کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے۔ زخمی لیزا نے بتایا کہ ہم اپنی خالہ کے گھر کے باہر کھیل رہے تھے کہ ایک کتا آیا اور میرے بھائی کرش کو کاٹنے لگا۔ اس نے کہا کہ میں نے کتے سے لڑ کر اسے چھڑا لیا۔ جب اس کے سر سے خون بہہ رہا تھا تو میں نے اپنی ٹی شرٹ اس کے سر پر باندھ دی جس سے اس کا خون بہنا بند ہو گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔