ایس آئی آر کا ’خونی کھیل‘ جاری، شادی کے لیے چھٹی نہ ملنے پر سپروائزر کی خودکشی، کانگریس مودی-گیانیش پر حملہ آور
کانگریس کا کہنا ہے کہ نریندر مودی اور گیانیش کمار ایس آئی آر کے نام پر بے قصوروں کی جان سے کھیل رہے ہیں۔ لوگ موت کے منھ میں جا رہے ہیں، لیکن انھیں ذرا بھی فرق نہیں پڑ رہا۔

ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظرثانی یعنی ’ایس آئی آر‘ کا دباؤ اب تک کئی بی ایل او کی جان لے چکا ہے۔ ایس آئی آر کا یہ ’خونی کھیل‘ جاری ہے اور روزانہ کسی نہ کسی ریاست سے موت کی خبر سامنے آ رہی ہے۔ آج اتر پردیش کے فتح پور میں ایک ایس آئی آر سپروائزر نے مبینہ طور پر شادی کے لیے چھٹی نہ ملنے کے بعد خودکشی جیسا خوفناک قدم اٹھا لیا۔ اس تعلق سے کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایس آئی آر سپروائزر سدھیر کمار کے اہل خانہ کے بیان پر مشتمل ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ کانگریس نے اس پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش کے فتح پور میں ایس آئی آر سپروائزر سدھیر کمار نے اپنی شادی سے ایک دن قبل پھانسی لگا کر جان دے دی۔ سدھیر کے گھر والوں نے بتایا کہ 26 نومبر کو سدھیر کی شادی تھی۔ اسی لیے سدھیر نے چھٹی کے لیے درخواست دی تھی، لیکن انھیں چھٹی نہیں دی گئی۔‘‘ اہل خانہ کے حوالے سے کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’شادی کی تقریب کو پیش نظر رکھتے ہوئے جب سدھیر ایس آئی آر کے کام پر نہیں گئے، تو قانونگو نے گھر آ کر انھیں ڈرایا اور ملازمت سے نکالنے کی دھمکی دی۔‘‘
بتایا جاتا ہے کہ ایس آئی آر کا دباؤ اور افسران کی دھمکیوں کو سدھیر برداشت نہیں کر سکا، اس نے اپنی زندگی ہی ختم کر لی۔ اس واقعہ پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’نریندر مودی اور گیانیش کمار ایس آئی آر کے نام پر بے قصوروروں کی جان سے کھیل رہے ہیں۔ لوگ موت کے منھ میں جا رہے ہیں، لیکن انھیں ذرا بھی فرق نہیں پڑ رہا۔‘‘ آخر میں کانگریس نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’شرم آنی چاہیے...۔‘‘
کانگریس نے مزید ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں اتر پردیش کے ہی بی ایل او ویپن یادو کی خودکشی پر بھی فکر کا اظہار کیا ہے۔ اس پوسٹ میں پارٹی نے لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش کے بی ایل او ویپن یادو جی نے ایس آئی آر کی وجہ سے ہو رہے ذہنی دباؤ سے تنگ آ کر خودکشی کر لی۔‘‘ اس پوسٹ کے ساتھ بھی کانگریس نے ویڈیو شیئر کی ہے، جس میں اسپتال کا نظارہ دکھایا گیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ ’’یہ پہلا معاملہ نہیں ہے۔ اس سے قبل مغربی بنگال، راجستھان، مدھیہ پردیش، کیرالہ، گجرات اور تمل ناڈو سے بھی بی ایل او کی اموات سے جڑی خبریں آئی ہیں۔‘‘
کانگریس نے الیکشن کمیشن کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بی ایل او پر ایس آئی آر کا ہدف جلد پورا کرنے کا دباؤ بنایا جا رہا ہے۔ ساتھ ہی ہدف پورا نہ کرنے پر ایف آئی آر کروانے اور ملازمت سے نکالنے کی دھمکی دی جا رہی ہے۔‘‘ الیکشن کمیشن کے ساتھ ساتھ کانگریس نے وزیر اعظم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ’’نریندر مودی اور گیانیش کمار نے ایس آئی آر کو ’ووٹ چوری‘ کا ہتھیار بنا لیا ہے، جو لوگوں کی جان لے رہا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔