تیاگی سماج کی مہاپنچایت کے خلاف نوئیڈا سوسائٹی کا خاموش مظاہرہ، لگائے پوسٹر

اس طرح کے پوسٹر سوسائٹی میں جگہ جگہ لگائے گئے، تاکہ خاموش مظاہرہ کا پیغام دیا جاسکے کہ سوسائٹی کے لوگ شری کانت تیاگی کی حرکتوں کے خلاف ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش کے نوئیڈا کی گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون کے ساتھ بدتمیزی کے ملزم شری کانت تیاگی کی حمایت میں آج سیکٹر 101 میں ایک بڑی مہاپنچایت منعقد ہوئی۔ دوسری طرف شری کانت تیاگی کی حرکتوں کے خلاف احتجاج میں سوسائٹی کے لوگوں نے بھی پوسٹر لگا کر خاموش مظاہرہ کیا۔ گرینڈ اومیکس سوسائٹی کے لوگوں نے سری کانت تیاگی کے اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کچھ پوسٹر لگائے اور خاموش مظاہرہ کیا۔

سوسائٹی میں لگائے گئے پوسٹر میں لکھا ہے کہ گرینڈ اومیکس سوسائٹی کے مکین ہراسانی، جبر، خواتین کی توہین، بدسلوکی، گلی گلوج اور تجاوزات کے خلاف ہیں۔ یہ پوسٹر سوسائٹی کے مختلف مقامات پر لگائے گئے ہیں، تاکہ ایک خاموش مظاہرہ کا پیغام دیا جاسکے کہ سوسائٹی کے لوگ شری کانت تیاگی کی حرکتوں کے خلاف ہیں۔


آپ کو بتاتے چلیں کہ 5 اگست کو بی جے پی لیڈر شری کانت تیاگی کا نوئیڈا کے سیکٹر 93 میں واقع گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون کے ساتھ مبینہ طور پر بدتمیزی کا ویڈیو منظر عام پر آیا تھا۔ اس واقعہ کے بعد تنازعہ بڑھتے ہی نوئیڈا پولیس نے شری کانت تیاگی کے خلاف گینگسٹر ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا اور کئی دنوں کے بعد شری کانت تیاگی کو میرٹھ سے گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے بعد سے یہ معاملہ نوئیڈا میں سیاسی طور پر زور پکڑ رہا ہے۔

اس معاملے میں شری کانت تیاگی کے خلاف مقامی ایم پی مہیش شرما کے بیان سے تیاگی برادری کافی ناراض ہے۔ تیاگی سماج مہیش شرما اور بی جے پی پر شری کانت تیاگی کے خلاف یکطرفہ کارروائی کرنے کا الزام لگا رہا ہے۔ اس سلسلے میں تیاگی سماج نے آج نوئیڈا میں ایک بہت بڑی مہاپنچائیت کا انعقاد کیا، جس میں بی جے پی اور مہیش شرما کے خلاف نعرے لگائے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Aug 2022, 6:11 PM