شری کانت کی حمایت میں تیاگی برادری کی مہاپنچایت، مہیش شرما کے خلاف نعرے بازی

تیاگی برادری کی اس مہاپنچایت میں پہنچی بھیڑ کے پیش نظر نوئیڈا پولیس نے بھاری تعداد میں انتظامات کئے۔ کئی راستوں کو ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا۔

تیاگی مہاپنچایت
تیاگی مہاپنچایت
user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا: خاتون کے ساتھ بدسلوکی کے الزام میں گرفتار شدہ شری کانت تیاگی کی حمایت میں اتوار کے روز تیاگی برادری کی مہاپنچایت کا انعقاد کیا گیا۔ اس مہاپنچایت میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اسٹیج سے گوتم بدھ نگر کے رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر مہیش شرما کے خلاف نعرے بازی کی۔

خیال رہے کہ حال ہی میں نوئیڈا کی گرینڈ اومیکش سوسائٹی میں شری کانت تیاگی کی ایک خاتون کے ساتھ تو تو میں میں ہوئی تھی۔ جس کے بعد شری کانت تیاگی پر خاتون سے بدسلوکی کے الزامات عائد کئے گئے۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ اس معاملہ میں بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ مہیش شرما کی مداخلت کے بعد شری کانت تیاگی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور اسے میرٹھ سے گرفتار کر لیا گیا۔ اس طرح کی خبریں بھی منظر عام پر آئیں کہ شری کانت تیاگی بی جے پی کا لیڈر ہے اور اس کے پارٹی اعلیٰ قیادت سے تعلقات ہیں۔ تاہم اس کے بعد تیاگی برادری مہیش شرما سے ناراض ہو گئی اور ان کے خلاف احتجاج کرنے کا اعلان کر دیا۔


شری کانت تیاگی کی حمایت نوئیڈا میں منعقد ہونے والی مہاپنچایت میں مغربی اتر پردیش، ہریانہ، راجستھان، دہلی، بہار اور مدھیہ پردیش جیسی ریاستوں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ اس دوران مہیش شرما کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

مہاپنچایت میں موجود لوگوں نے آئی اے این ایس سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شری کانت معاملہ میں پولیس نے دباؤ میں آکر یکطرفہ طور پر کارروائی کی۔ اس سے برادری کے لوگ ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شری کانت تیاگی معاملہ میں اعلیٰ سطحی تحقیقات کی جائے اور تمام لوگوں پر درج مقدمات واپس لئے جائیں۔ اس موقع پر موجود تیاگی برادری کے لیڈران نے الزام عائد کیا کہ شری کانت تیاگی کی بیوی کو پولیس نے تھانہ بلاکر پریشان کیا اور اس کی وہ پرزور مخالفت کرتے ہیں۔


تیاگی برادری کی اس مہاپنچایت میں پہنچی بھیڑ کے پیش نظر نوئیڈا پولیس نے بھاری تعداد میں انتظامات کئے۔ کئی راستوں کو ٹریفک کے لئے بند رکھا گیا۔ وہیں، مہیش شرما کے مطالبہ پر ان کی رہائش اور ارد گرد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ قبل ازیں، مہیش شرما نے بیان میں کہا تھا کہ تیاگی برادری سے ان کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر 93-بی میں واقع سوسائٹی میں خاتون سے بدسلوکی کے بعد اس واقعہ کے ملزم شری کانت تیاگی کی گرفتاری کا مطالبہ انہوں نے ایک عوامی نمائندہ کی حیثیت سے کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔