مودی ملک کو گمراہ کرنے میں مصروف: کانگریس

کانگریس کے سینئر رہنما آنند شرما نے کہا ’’وزیر اعظم مودی کسی ترقیاتی مہم پر نہیں ہیں بلکہ اپنی پارٹی کے لئے انتخابی تشہیر کر رہے ہیں۔‘‘

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی پر غلط بیانی کرنے اور ملک کے عوام کو گمراہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اپنے جلسوں میں لگاتار جھوٹ پر جھوٹ بول رہے ہیں۔ کانگریس کے سینئر رہنما آنند شرما نے کہا ’’وزیر اعظم نریندر مودی اپنی پارٹی کے حق میں اگلے چناؤ کی تشہیری مہم چلا رہے ہیں۔ یہ کوئی ترقیاتی مہم نہیں بلکہ یہ تشہیری مہم ہے۔ اس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں ہے لیکن مودی چناوی تشہیر کے بجائے پروپیگنڈہ چلا رہے ہیں۔ وہ کینہ سے بھرے ہوئے ہیں۔ کانگریس کے تئیں وہ شروع سے نازیبا زبان استعمال کرتے آئے ہیں۔‘‘

آنند شرما نے کہا ’’وزیر اعظم نریندر مودی کا جھوٹ بولنے اور لوگوں کو گمراہ کرنے کا کام جاری ہے۔ انہیں نہ تو زمین کی خبر ہے اور نہ ہی تاریخ کی۔ انہیں لگتا ہے کہ لوگوں کو کچھ پتہ ہی نہیں۔‘‘

کانگریس رہنما نے کہا ’’اپنے بیانوں سے وزیر اعظم مودی تاریخی واقعات کی بے عزتی کرتے ہیں۔ وہ ملک کی عظیم شخصیات اور ان کی کامیابیوں کو بھی مسترد کر دیتے ہیں۔ ملک کے وزیر اعظم نے بار بار ایسے بیانات دئیے ہیں جو تاریخی اعتبار سے صحیح نہیں ہیں۔ ایسے بیانوں سے ملک کو شرمندگی اٹھانی پڑتی ہے کیونکہ وزیر اعظم کا بیان ملک میں ہی نہیں بلکہ بیرون ملک میں بھی سنا جاتا ہے۔ لیکن وہ اپنی عادت سے مجبور ہیں۔ ان میں سدھار کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔

آنند شرما نے کہا کہ وزیر اعظم مودی کو جھوٹ بولنے اور لوگوں کو گمراہ کرنے کے بجائے اپنے 4 سالوں میں کیے کام کا حساب دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم مدت کار کا حساب دینے کے بجائے ہر روز نئے نئے وعدے کر رہے ہیں۔ آنند شرما نے کہا کہ وزیراعظم کو یہ سوچنا چاہئے کہ وہ ملک کے وزیراعظم ہیں، صرف بی جے پی کے نہیں۔

آنند شرما نے کہا ’’وزیر اعظم کو اپنے جھوٹ کے لئے لوگوں سے معافی مانگنی چاہئے۔ ملک میں ہو رہے ظلم و ستم پر بات کرنی چاہئے۔ ماں بہنوں کے خلاف جاری تشدد پر بات کرنی چاہئے، لیکن وہ صرف لوگوں کو گمراہ کرنے کا کام کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔