نوئیڈا کے ’گالی باز‘ شری کانت تیاگی کو تین معاملوں میں ملی ضمانت، لیکن...

آج ضلع کورٹ میں خصوصی جج ایس سی/ایس ٹی جیوتسنا سنگھ نے سماعت کے بعد تین مقدمات میں شری کانت تیاگی کی ضمانت عرضی کو منظوری دی۔

پولیس کی گرفت میں شری کانت تیاگی
پولیس کی گرفت میں شری کانت تیاگی
user

قومی آوازبیورو

نوئیڈا کے سیکٹر-93 بی گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی اور گالی گلوچ کرنے والے شری کانت تیاگی کو تین معاملوں میں ضلع عدالت سے ضمانت مل گئی ہے۔ جمعہ کے روز عدالت نے انھیں ضمانت دینے کا فیصلہ سنایا، لیکن فی الحال وہ جیل میں ہی رہیں گے۔ ایسا اس لیے کیونکہ گینگسٹر ایکٹ کا ایک معاملہ بھی چل رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس معاملے میں بھی ضمانت کے لیے عرضی داخل کر دی گئی ہے۔

آج ضلع کورٹ میں خصوصی جج ایس سی/ایس ٹی جیوتسنا سنگھ نے سماعت کے بعد تین مقدمات میں شری کانت تیاگی کی ضمانت عرضی کو منظوری دی۔ ضلع دیوانی اور فوجداری بار ایسو سی ایشن کے صدر وکیل سشیل بھاٹی نے بتایا کہ شری کانت تیاگی پر فیز-2 تھانہ میں درج معاملے 319، 335 اور 339 میں ضمانت عرضی داخل کی گئی تھی۔ جمعہ کو عدال تمیں سماعت کے بعد تینوں معاملوں میں 354، 323، 419، 420، 427، 482، 504 اور 506 میں ضمانت مل گئی۔ اس کے ساتھ ہی گینگسٹر ایکٹ کے معاملے میں ضمانت کے لیے عرضی داخل کی گئی ہے جس پر پیر کے روز سماعت ہوگی۔


قابل ذکر ہے کہ شری کانت پر ایک خاتون کے ساتھ بدسلوکی کرنے اور کار پر ریاستی حکومت کے سکریٹریٹ کا پاس لگانے کے الزام میں تھانہ فیز-2 میں معاملہ درج کیا گیا تھا۔ نوئیڈا میں بدسلوکی کا معاملہ 5 اگست کا ہے جب گرینڈ اومیکس سوسائٹی میں ایک خاتون سے بدتمیزی اور گالی گلوچ کرنے کے معاملے میں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوا تھا۔ بعد ازاں پولیس نے شری کانت کے خلاف معاملہ درج کیا تھا۔ شری کانت اس وقت فرار ہو گیا اور پولیس اس کی تلاش کرتی رہی۔ نوئیڈا پولیس نے شری کانت تیاگی کو 9 اگست کو میرٹھ سے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اس کے بعد سورج پور کورٹ نے اسے عدالتی حراست میں بھیج دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔