شیواجی کا مجسمہ منہدم کرنے کا معاملہ، مہا وکاس اگھاڑی کا یکم ستمبر کو مارچ کا اعلان

راجکوٹ قلعے میں واقع 35 فٹ بلند شیواجی کے جس مجسمہ کے انہدام کے بعد مہاراشٹر حکومت سوالوں کی زد میں ہے، اس کا افتتاح گزشتہ سال 4 دسمبر کو وزیر اعظم مودی نے کیا تھا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے سندھود دُرگ ضلع میں چھترپتی شیواجی مہاراج کا مجسمہ منہدم ہونے کے بعد مہاراشٹر کی سیاست میں ہلچل مچ گئی ہے۔ شیوسینا (یو بی ٹی) کے صدر ادھو ٹھاکرے نے بدھ کو کہا کہ ایکناتھ شندے کی حکومت کے خلاف احتجاج کے طور پر مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) یکم ستمبر کو مارچ نکالے گی۔ ادھو ٹھاکرے نے شندے حکومت پر شدید حملہ کیا اور کہا کہ اس حکومت میں بدعنوانی عروج پر ہے۔

شیواجی مہاراج کی مجسمہ گرنے کے معاملے پر بدھ کو مہا وکاس اگھاڑی کے رہنماؤں نے ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کی۔ اس پریس کانفرنس کے دوران ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) یکم ستمبر کو مارچ نکالے گی۔ اس مارچ سے پہلے مہاراشٹر کے لیے قربانی دینے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا، اس کے بعد یہ مارچ گیٹ وے آف انڈیا تک جائے گا، جہاں شیواجی کا مجسمہ موجود ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ حکومت کا یہ دعویٰ کہ 35 فٹ بلند مجسمہ تیز ہواؤں کے باعث گر گیا، بے شرمی کی انتہا ہے!


پریس کانفرنس کے دوران شرد پوار نے کہا کہ ریاستی حکومت اپنی ذمہ داریوں سے بھاگ نہیں سکتی۔ جبکہ مہاراشٹر کانگریس کے صدر نانا پٹولے نے کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی، وزیر دفاع، اور وزیر اعلیٰ نے وہاں مجسمہ کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی تھی۔ مجسمہ بنانے کے لیے اجازت لینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شیواجی مخالف لوگ ہیں۔ شیواجی مہاراج کی طرح کی ٹوپی مودی کو پہنائی گئی، یہ لوگ شیواجی مہاراج کا موازنہ وزیر اعظم مودی سے کر رہے ہیں۔ یہ مہاراشٹر کی توہین ہے۔

اس سے پہلے نانا پٹولے، ادھو ٹھاکرے، اور شرد پوار نے ریاست میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کے خلاف ممبئی کے 'ماتوشری' میں مہا وکاس اگھاڑی کی میٹنگ کی۔ میٹنگ میں خواتین کے خلاف جرائم پر تشویش ظاہر کی گئی۔

یاد رہے کہ جس شیواجی مہاراج کی مجسمہ کے حوالے سے مہاراشٹر حکومت پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، اس مجسمہ کا افتتاح گزشتہ سال 4 دسمبر کو وزیر اعظم نریندر مودی نے سندھو دُرگ کے راجکوٹ قلعے میں کیا تھا۔ 35 فٹ بلند یہ مجسمہ پیر دوپہر کو گر گیا تھا۔ اس واقعے کے بعد شندے حکومت سوالات کی زد میں آ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔