دہلی-این سی آر میں صبح کے وقت جھماجھم بارش، سڑکیں اور انڈر پاس زیر آب، کئی مقامات پر ٹریفک جام

شدید بارش کے باعث سڑکیں پانی سے بھر گئیں، جس کی وجہ سے گاڑیوں کی رفتار ماند پڑ گئی۔ بارش کے باعث علی الصبح گھروں سے نکلنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے

دہلی میں شدید بارش / آئی اے این ایس
دہلی میں شدید بارش / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی-این سی آر میں دیر رات سے موسلادھار بارش جاری ہے۔ نوئیڈا، غازی آباد، فرید آباد، گریٹر نوئیڈا سمیت این سی آر کے بیشتر علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہے۔ دہلی-این سی آر کے مختلف علاقوں سے پانی جمع ہونے کی تصویریں سامنے آئی ہیں۔ آبی جماؤ کے سبب سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار ماند پڑ گئی اور ٹریفک جام ہو گیا۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق خلیج بنگال میں کم دباؤ کا علاقہ بن رہا ہے۔ جس کی وجہ سے آج 29 اگست کو دہلی، بہار، یوپی، گجرات، ہماچل اور اتراکھنڈ سمیت بیشتر ریاستوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے 31 اگست تک موسلادھار بارش کی وارننگ جاری کی ہے۔


دہلی میں بھاری بارش اور آبی جماؤ کی وجہ سے صبح کے اوقات میں کام کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مہرولی سے بدرپور روڈ اور صفدر گنج انکلیو تک سڑکوں پر پانی جمع ہے۔ دہلی کے صفدرجنگ علاقے میں علی الصبح 5.30 بجے تک 7 سینٹی میٹر اور پالم میں 5 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

این ایچ-48 اور انڈیا گیٹ پر بھی شدید ٹریفک جام ہے۔ گروگرام اور ہوائی اڈے سے دھولا کنواں کے راستے پر بھی گاڑیوں کی رفتار کم ہے۔ دہلی کے کالکاجی مندر اور نہرو پلیس سے چراغ دہلی اور آئی آئی ٹی دہلی کی طرف جانے والی سڑک پر بھی پانی جمع ہے۔

محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق، اگلے دو دنوں تک دہلی میں جھماجھم بارش کا امکان ہے۔ اگلے دو دنوں یعنی جمعہ اور ہفتہ تک بارش کا یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اختتام ہفتہ پر دہلی میں مطلع ابر آلود رہے گا۔

وہیں، ستمبر کے آغاز میں بوندا باندی اور بعض مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش دیکھی جا سکتی ہے۔ آج کی بات کریں تو دہلی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سیلسیس ہو سکتا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔