کئی اپوزیشن رہنماوں کی موجودگی میں ڈی ایم کے کے دفتر کا افتتاح

پارٹی دفتر کے افتتاح کے بعد کانگریس کی صدر نے عمارت میں ایک لائبریری کا افتتاح کیا اور اے ایس پنیر سیلون کی تحریر کردہ کتاب 'کرونا ندھی: اے لائف' کا اجرا کیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے ہفتےکو دہلی میں ڈی ایم کے کے نئے دفتر اَن کلائیگنر اریولیم کا افتتاح کیا۔ اس کے ساتھ انہوں نے قومی سیاست میں بڑا کردار ادا کرنے کی پارٹی کی خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

اس موقع پر کانگریس کی صدر سونیا گاندھی، سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو، نیشنل کانفرنس کے رہنما فاروق عبداللہ، سی پی آئی (ایم) کے جنرل سکریٹری سیتارام یچوری، سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ڈی راجہ اور ایم ڈی ایم کے جنرل سکریٹری وائیکو موجود تھے۔


پارٹی دفتر کے افتتاح کے بعد کانگریس کی صدر نے عمارت میں ایک لائبریری کا افتتاح کیا اور اے ایس پنیر سیلون کی تحریر کردہ کتاب 'کرونا ندھی: اے لائف' کا اجرا کیا۔

اس دوران ایک میٹنگ منعقد کی گئی جس میں ایس پی لیڈر رام گوپال یادو، کانگریس لیڈر پی چدمبرم، ادھیر رنجن چودھری، رویندر کمار، رام موہن نائیڈو اور تلگو دیشم پارٹی کے رہنما جے دیو گلا، ترنمول کانگریس کے موہوا موئترا اور آئی یو ایم ایل کے نوسکنی موجود تھے۔


مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے سی راؤ، دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو بھی مدعو کیا گیا تھا لیکن وہ اس تقریب میں شریک نہیں ہو سکے۔یہ ملاقات اپوزیشن پارٹیوں کی جانب سے قومی سطح پر متحدہ محاذ بنانے کی کوششوں کے درمیان ہوئی ۔

ڈی ایم کے اس وقت لوک سبھا میں تیسری سب سے بڑی پارٹی ہے، اور 24 اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ دوسری سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہے۔


دہلی کے اپنے تین روزہ دورے کے دوران مسٹر اسٹالن نے وزیر اعظم نریندر مودی، وزیر داخلہ امت شاہ، سڑک اور ٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خزانہ نرملا سیتارمن سمیت کئی اعلیٰ رہنماؤں سے ملاقات کی۔ انہوں نے جمعہ کو مسٹر کیجریوال سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ قومی دارالحکومت کے محلہ کلینک اور ایک سرکاری اسکول کا دورہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔