بنگلورو کے کئی اسکولوں کو ملا دھمکی والا ای میل، پولیس سرچ آپریشن میں مصروف

ای میل میں لکھا گیا ہے کہ ’’اسکول میں ایک طاقتور بم نصب کیا گیا ہے۔ یہ مذاق نہیں ہے۔ فوراً پولیس کو بلاؤ۔ سینکڑوں لوگوں کی جان جا سکتی ہے جن میں آپ بھی ہیں۔‘‘

علامتی تصویر، یو این آئی
علامتی تصویر، یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو کے کئی اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا ہے جس کے بعد مذکورہ اسکولوں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بنگلورو کے مختلف اسکولوں کو دھمکی بھرا ای میل موصول ہوا ہے جس کے بعد اسکولوں میں تلاشی مہم چلائی جا رہی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ای میل بم سے متعلق ہے جس کی وجہ سے افرا تفری مچ گئی ہے۔

بنگلورو کے پولیس کمشنر کمل پنت نے اس تعلق سے بتایا کہ سات اسکولوں کو دھمکی آمیز ای میل ملا ہے۔ اس کی خبر ملتے ہی پولیس ٹیمیں متعلقہ اسکولوں میں پہنچ گئی ہیں۔ کمل پنت کا کہنا ہے کہ ای میل کی بنیاد پر ہماری ٹیمیں موقع پر جانچ کر رہی ہیں۔ جب مزید جانکاری سامنے آئے گی تو میڈیا کو بھی اس کی جانکاری دی جائے گی۔


ایک سینئر پولیس افسر کا کہنا ہے کہ اسکولوں میں بم سے متعلق دھمکی بھرا ای میل بھیجا گیا۔ اندیشہ ہے کہ نامعلوم اشخاص کے ذریعہ صبح 10.45 بجے، 11.09 بجے اور 11.36 بجے تین ای میل بھیجے گئے ہیں۔ ای میل کے بعد سبھی اسکولوں میں ہنگامہ برپا ہو گیا اور احاطہ خالی کرا دیا گیا۔ پولیس کو خبر دی گئی جس کے فوراً بعد مقامی پولیس ان اسکولوں میں پہنچے اور ای میل کی تفصیلی جانکاری حاصل کی۔ اس درمیان اینٹی بم اسکواڈ کے ساتھ ساتھ تربیت یافتہ کتوں کو بھی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ای میل میں لکھا گیا ہے کہ ’’اسکول میں ایک طاقتور بم نصب کیا گیا ہے۔ یہ مذاق نہیں ہے۔ آپ کے اسکول میں ایک بہت طاقتور بم لگایا گیا ہے۔ فوراً پولیس کو بلاؤ۔ سینکڑوں لوگوں کی جان جا سکتی ہے جن میں آپ بھی ہیں۔ تاخیر نہ کریں، اب سب کچھ آپ کے ہاتھ میں ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔