آبکاری پالیسی گھوٹالہ: منیش سسودیا کو عدالت نے پھر دیا جھٹکا، سی بی آئی کیس میں ضمانت عرضی خارج

سی بی آئی نے دہلی آبکاری گھوٹالہ معاملہ میں سسودیا کی ضمانت عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ان کی جانچ متاثر ہوگی۔

دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا
دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا
user

قومی آوازبیورو

دہلی آبکاری پالیسی گھوٹالہ میں گرفتار سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا کو جمعہ کے روز عدالت سے ایک بار پھر زبردست جھٹکا لگا ہے۔ آبکاری گھوٹالہ معاملہ مین سی بی آئی کے ذریعہ درج معاملے میں دہلی کی راؤز ایوینیو کورٹ نے جمعہ کے روز سسودیا کی ضمانت عرضی خارج کر دی۔ جج ایم کے ناگپول نے 24 مارچ کو اس معاملے میں اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ اب ضمانت کے لیے منیش سسودیا کو ہائی کورٹ میں عرضی داخل کرنا ہوگا۔

گزشتہ سماعت کے دوران سسودیا کے وکیل نے کہا تھا کہ سی بی آئی کے ذریعہ کچھ بھی خاص نہیں کہا گیا ہے جس کے لیے حراست جاری رکھنے کی ضرورت ہوگی۔ وکیل نے کہا تھا کہ ریکارڈ پر ایسا کچھ بھی نہیں ہے جس سے پتہ چلے کہ سسودیا گواہوں کو دھمکا رہے تھے۔ وکیل نے دلیل دی کہ سسودیا نے سی بی آئی جانچ میں تعاون کیا ہے اور کسی بھی تلاشی میں ان کے خلاف کوئی قابل اعتراض مواد سامنے نہیں آیا ہے۔


وکیل کی دلیل تھی کہ اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ منیش سسودیا کی سماج میں گہری پکڑ ہے۔ ہر بار جب انھیں سی بی آئی کے سامنے بلایا گیا تو وہ پیش ہوئے۔ گواہوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ یا گواہوں کو دھمکانے وغیرہ کا کوئی حقیقی ثبوت نہیں ہے۔ اس لیے میں آپ سے گزارش کرتا ہوں کہ برائے کرم سسودیا کو ضمانت دیں۔

دوسری طرف سی بی آئی کی طرف سے پیش ہوئے اسپیشل پبلک پرازیکیوٹر ڈی پی سنگھ نے کہا تھا کہ صرف موبائل فون ہی نہیں، فائلیں بھی تباہ ہو گئی ہیں۔ میں اس بات کو لے کر بہت سنجیدہ ہوں کہ ثبوتوں کو تباہ کرنا ایک مستقل پریکٹس تھا۔ سی بی آئی نے سسودیا کی ضمانت عرضی کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے ان کی جانچ متاثر ہوگی۔ سسودیا نے گزشتہ منگل کے روز اسی معاملے میں ای ڈی کے ذریعہ درج معاملے میں عدالت میں ضمانت عرضی داخل کی تھی۔ عدالت نے مرکزی ایجنسی کو نوٹس جاری کیا تھا۔


سی بی آئی کے ذریعہ 26 فروری کو عآپ لیڈر کو گرفتار کیے جانے کے بعد ای ڈی نے بھی انھیں اسی معاملے میں 9 مارچ کو گرفتار کیا تھا۔ ای ڈی معاملے میں گزشتہ سماعت کے دوران ای ڈی کے ذریعہ عدالت کو مطلع کرایا گیا تھا کہ سسودیا کی حراست کے دوران اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں اور انھیں دیگر ملزم اشخاص کے ساتھ آمنا سامنا کرانا ہے۔ جانچ ایجنسی نے عدالت کو مطلع کیا تھا کہ سابق نائب وزیر اعلیٰ کے ای میل اور موبائل سے بڑی مقدار میں ڈاٹا کا بھی فورنسک تجزیہ کیا جا رہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔