مدارس کے طلباء سے سینئر آئی پی ایس آفیسر کا خطاب، قرآن کے ساتھ گیتا بھی پڑھنے کی اپیل

اے ڈی جی راجہ بابو سنگھ نے مشہورعالم دین امین اللہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح قرآن انسانیت کو صحیح راستہ دکھاتا ہے، اسی طرح گیتا بھی زندگی کے لیے متاثر کن رہنمائی فراہم کرتی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>فوٹو راجہ بابو سنگھ انسٹا گرام</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال سے متصل سیہور ضلع کے ڈوراہا میں واقع مدرسہ اسلامیہ مدینۃ العلوم میں یوم جمہوریہ کے موقع پر شاندار رنگا رنگ تقریب کاانعقاد کیا گیا۔ اس دوران ایک نئی اور تاریخی پہل دیکھنے میں آئی، جس کی کئی حلقوں کی طرف سے تعریف کی جا رہی ہے۔ تقریب کے دوران سینئر آئی پی ایس افسر راجہ بابو سنگھ نے مدرسے کے طلباء سے خطاب کیا اور اساتذہ سے بچوں کو ماحولیات و سائنسی علوم کے ساتھ ساتھ گیتا کے ابواب پڑھانے کی اپیل بھی کی، جس سے آپسی بھائی چارے، ہم آہنگی اور قومی اتحاد کا پیغام دیا جا سکے۔

پروگرام کے دوران ریاست کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی) (ٹریننگ) راجہ بابو سنگھ نے آن لائن خطاب کیا۔ یہ پہل مدرسہ کے سربراہ مولوی عظیم اللہ کی کوششوں سے ممکن ہوسکی۔ اپنے خطاب میں اے ڈی جی راجہ بابو سنگھ نے مشہور عالم دین امین اللہ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح قرآن انسانیت کو صحیح راستہ دکھاتا ہے اسی طرح گیتا بھی زندگی کے لیے متاثر کن رہنمائی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذہبی صحیفے انسانیت، اخلاقیات اور ہم آہنگی کا پیغام دیتے ہیں، اگر بچوں کو قرآن کے ساتھ گیتا کی مثبت تعلیمات سے بھی روشناس کرایا جائے تو معاشرے میں بہتر سوچ اور ثقافت کو فروغ ملے گا۔


اے ڈی جی راجہ بابو سنگھ نے ’’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس‘‘ کے وژن کا حوالہ دیتے ہوئے بچوں کو مثبت سوچنے اور ذمہ دار شہری بننے کی ترغیب دی۔  اے ڈی جی (ٹریننگ) راجہ بابو سنگھ نے ’آج تک‘ کو بتایا کہ مولانا عظیم اللہ میرے پرانے دوست ہیں اور میرے آبائی ضلع، باندہ (یوپی) کے رہنے والے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا موصوف نے درخواست کی تھی کہ میں ان کے مدرسہ کے طلباء سے خطاب کروں۔ اے ڈی جی نے کہا کہ قومی تہوار پرانہوں نے آن لائن خطاب کیا اور کہا کہ آپ لوگ اچھی تعلیم حاصل کر رہے ہیں لیکن میں نے مشورہ دیا کہ ’’آپ لوگ کچھ اور باتوں پر بھی دھیان دیں کیونکہ وہاں مولانا صاحب بھی موجود تھے، تو میں نے ان سے درخواست کی کہ وہ بچوں کو ماحولیاتی آگاہی کے بارے میں سکھائیں، کیونکہ یہ سبھی کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ دوسری بات جو میں نے کہی وہ یہ کہ ہمارا ملک برصغیر کا ایک بڑا ملک ہے، اس لیے ہمیں ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کے دفاع کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔ تیسرا، میں نے کہا کہ آپ بچوں کو سائنسی نقطہ نظر بھی سکھائیں کیونکہ یہ دنیا میں آگے بڑھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔ سچائی تک پہنچنے کے بہت سے راستے ہیں اور ہمیں ان سبھی راستوں کا مطالعہ کرنا چاہیے۔


چوتھا، میں نے کہا کہ مقدس کتاب قرآن کا مطالعہ کریں لیکن ساتھ ہی ہزاروں سالوں سے انسانیت کی رہنمائی کر رہی بھگود گیتا کا بھی مطالعہ کریں۔ سینئرآئی پی ایس راجہ بابو سنگھ اس سے پہلے بھی خبروں میں رہے ہیں جب انہوں نے مدھیہ پردیش کے تمام پولیس ٹریننگ اسکولوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنے بھرتی ہونے والوں کے لیے بھگود گیتا اور رام چرتر مانس پڑھنے کے سیشن کا اہتمام کریں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔