ہریانہ کے سینئر کانگریس لیڈران کی دہلی میں میٹنگ، مضبوط اور وفادار لوگوں کو ٹکٹ دینے کا عزم

ہریانہ کانگریس کی الیکشن کمیٹی نے آج میٹنگ کی جس میں سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا، ریاستی کانگریس صدر اودے بھان، انچارج دیپک بابریا، قومی جنرل سکریٹری کماری شیلجا، رندیپ سرجے والا وغیرہ شامل تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہریانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر کانگریس کی ہریانہ یونٹ کے سینئر لیڈران نے بدھ کے روز دہلی میں ایک انتہائی اہم میٹنگ کی جس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ ٹکٹ تقسیم میں ان لوگوں کو توجہ ملے گی جن کے جیتنے کے امکانات روشن ہیں اور جو پارٹی کے تئیں وفادار بھی ہیں۔

ہریانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی ریاستی الیکشن کمیٹی کی میٹنگ میں ممکنہ امیدواروں اور تیاریوں پر تبادلہ خیال ہوا۔ اس میٹنگ میں سابق وزیر اعلیٰ بھوپندر سنگھ ہڈا، ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر اودے بھان، انچارج دیپک بابریا، چودھری بیریندر سنگھ، پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری کماری شیلجا، رندیپ سرجے والا اور کئی دیگر لیڈران موجود تھے۔


میٹنگ کے بعد پارٹی کے ایک سینئر لیڈر نے کہا کہ ہمارے لیڈر راہل گاندھی جی کا واضح پیغام ہے کہ جو لوگ مضبوط اور وفادار ہیں انھیں ٹکٹ دینے میں ترجیح دی جانی چاہیے۔ ہمارے انچارج نے میٹنگ میں اسی بات پر زور دیا۔ کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ آئندہ کچھ دنوں کے اندر امیدواروں کے سلیکشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔

واضح رہے کہ ہریانہ میں سبھی 90 اسمبلی سیٹوں کے لیے یکم اکتوبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور ووٹ شماری 4 اکتوبر کو ہوگی۔ ہریانہ میں اس وقت بی جے پی کی حکومت ہے۔ اس کی مدت کار 3 نومبر کو مکمل ہو رہی ہے۔ ریاست میں کانگریس اہم اپوزیشن پارٹی ہے اور اس مرتبہ حکومت تشکیل دینے کے لیے پرعزم نظر آ رہی ہے۔ گزشتہ اسمبلی انتخاب کے بعد ریاست میں بی جے پی نے جے جے پی کے ساتھ مل کر اتحاد والی حکومت بنائی تھی، لیکن اب جے جے پی الگ ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔