’سیکورٹی سیاسی ہتھیار نہیں بننا چاہیے‘، لالو پرساد اور رابڑی دیوی کی سیکورٹی میں کٹوتی پر منوج جھا کا ردعمل
راجیہ سبھا رکن منوج جھا نے کہا کہ ’’بہار میں ایسے کئی لوگ ہیں جنہیں سیکورٹی کی حقیقی ضرورت بھی نہیں ہے، پھر بھی ان کے آس پاس بھاری سیکورٹی کے انتظامات رہتے ہیں۔‘‘

بہار میں سابق وزرائے اعلیٰ لالو پرساد یادو اور رابڑی دیوی کی سیکورٹی کم کیے جانے کے بعد سیاسی ماحول کافی گرما گیا ہے۔ آر جے ڈی کارکنان نے اس فیصلے کے خلاف رابڑی دیوی کی رہائش گاہ کے باہر احتجاج شروع کر دیا ہے۔ دوسری جانب اس معاملے پر سیاسی بیان بازی بھی تیز ہو گئی ہے۔
آر جے ڈی کے راجیہ سبھا رکن منوج جھا نے حکومت کے اس فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی بدقسمتی کی بات ہے کہ لالو پرساد یادو، رابڑی دیوی اور تیجسوی یادو جیسے لیڈران کی سیکورٹی کو لے کر اس طرح کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ ان کے مطابق سیکورٹی کو کسی بھی حالت میں سیاسی انتقام یا دباؤ کا ہتھیار نہیں بنایا جانا چاہیے۔ انہوں نے سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اگر سیکورٹی کے انتظامات کو سیاسی ہتھیار کی طرح استعمال کیا جائے گا تو اس کا جمہوریت پر غلط اثر پڑے گا۔
منوج جھا نے مزید کہا کہ بہار میں ایسے کئی لوگ ہیں جنہیں سیکورٹی کی حقیقی ضرورت بھی نہیں ہے، پھر بھی ان کے آس پاس بھاری سیکورٹی کے انتظامات رہتے ہیں۔ انہوں نے طنز کستے ہوئے کہا کہ کچھ لوگ اقتدار کے مزے لوٹنے میں لگے ہوئے ہیں، لیکن عوام اب اپنے طور پر حفاظت کرے گی، اس لیے لیڈران نے اپنی سرکاری سیکورٹی واپس کر دی ہے۔
آر جے ڈی لیڈر نے جی ڈی پی گروتھ اور معاشی صورتحال پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ صرف اعداد و شمار سے سچائی نہیں بدلی جا سکتی۔ ان کے مطابق ملک کی معاشی حالت کے حوالے سے جو رپورٹیں سامنے آ رہی ہیں، وہ تشویشناک ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ شرحِ نمو کو لے کر طرح طرح کے دعوے کیے جا رہے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ عام لوگوں کے حالات اچھے نہیں ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے منوج جھا نے یہ بھی کہا کہ منوج جھا نے کہا کہ آج متوسط اور نچلے طبقے کے لوگ مہنگائی اور معاشی دباؤ سے پریشان ہیں۔ روزمرہ کی ضرورت کی چیزیں مہنگی ہو رہی ہیں اور کئی خاندانوں کے بجٹ پر اس کا براہ راست اثر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھالی سے کئی ضروری چیزیں غائب ہوتی جا رہی ہیں، جو اس بات کا اشارہ ہے کہ عام آدمی کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
راجیہ سبھا رکن منوج جھا کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی حالات، جیسے مغربی ایشیا اور ایران کی صورتحال، آنے والے وقت میں ہندوستانی معیشت پر مزید اثر ڈال سکتے ہیں۔ ان کے مطابق ان تمام وجوہات کا اثر عام عوام پر پڑ رہا ہے اور حکومت کو اعداد و شمار کے بجائے زمینی حقیقت پر توجہ دینی چاہیے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
