مہاراشٹر میں انڈیا الائنس کے درمیان سیٹوں کا فیصلہ ہو چکا ہے: سنجے راؤت

مہاراشٹر میں انڈیا الائنس کے درمیان سیٹوں کی تقسیم سے متعلق شیو سینا یو بی ٹی کے لیڈر سنجے راؤت نے اعلان کیا ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کا معاملہ حل ہو چکا ہے، جلد ہی اعلان کر دیا جائے گا۔

سنجے راؤت / ٹوئٹر / @ANI
سنجے راؤت / ٹوئٹر / @ANI
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: شیو سینا یو بی ٹی کے لیڈر سنجے راؤت نے مہاراشٹر میں انڈیا الائنس کی سیٹوں کو لے کر بڑا بیان دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیٹوں کی تقسیم کا معاملہ تقریباً حل ہو چکا ہے اور جلد ہی الائنس کے ذریعے اس کا باقاعدہ اعلان کر دیا جائے گا۔ سنجے راؤ ت نے یہ بیان گزشتہ کل (28 فروری) کو انڈیا الائنس کی ہوئی میٹنگ کے بعد دیا ہے۔

واضح رہے کہ مہاراشٹر کی مہا وکاس اگھاڑی میں شامل پارٹیوں کے درمیان ممبئی میں آج (29 فروری) بھی میٹنگ ہو رہی ہے اور اس میٹنگ کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ کس پارٹی کو کتنی اور کہاں کی سیٹ ملی ہے، اس کا اعلان کر دیا جائے گا۔ میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سنجے راؤت نے کہا ’’سیٹوں کی تقسیم کا مکمل مسودہ تیار ہے۔ ونچت بہوجن اگھاڑی ہمارے ساتھ ہے۔ یہ تقریباً طے ہو چکا ہے کہ کون کہاں سے لڑے گا۔ ہم کل (آج ) پھر ملاقات کریں گے۔ ان تمام چیزوں کا فیصلہ اس میٹنگ میں کیا جائے گا۔‘‘


سنجے راؤت نے کہا کہ انڈیا الائنس میں سیٹوں کی تقسیم کے معاملے میں کوئی بھی تنازعہ نہیں ہے۔ جو لوگ تنازعے کے بات کر رہے ہیں وہ دراصل اپنے تنازعے پر پردہ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ راؤت نے کہا کہ ہماری پالیسی چیخنے چلانے کی نہیں ہے اور ہم بغیر کسی وجہ سے کچھ نہیں کہتے۔ ہمارے درمیان سیٹوں کا حتمی فیصلہ ہو چکا ہے اور اس معاملے میں تمام پارٹیوں کے درمیان نہ صرف بہترین مفاہمت ہے بلکہ ہم مزید جوش و جذبے کے ساتھ عوام کے درمیان جانے کا پروگرام ترتیب دے رہے ہیں۔

سنجے راؤت نے کہا کہ مہاراشٹر میں انڈیا الائنس میں شامل تمام پارٹیوں کا ایک ہی نقطہ نظر ہے کہ زیادہ سے زیادہ سٹیں جیتی جائیں اور ملک میں جمہوریت و آئین پر منڈلا رہے خطرات کے بادل کو دور کیے جائیں۔ ہم تمام لوگ آئین و جمہوریت کو بچانا چاہتے ہیں اور اسی مقصد کے تحت ہم سب ساتھ ہیں۔ اس لیے ہمارے درمیان کسی تنازعے کے ہونے کا کوئی سوال ہی نہیں پیدا ہوتا ہے۔ راؤت نے کہا کہ شیو سینا یو بی ٹی کا انتخابی نشان ’مشعل‘ اور این سی پی شرد چندر پوار کا انتخابی نشان ’توتاری‘ ہر کسی تک پہنچ چکا ہے، اس ڈیجیٹل دور میں لوگوں تک انتخابی نشانی پہنچانے میں دیر نہیں لگتی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔