’ڈائری آف مہاراشٹر کھوکھا‘ پر فلم بنائیں گے سنجے راؤت، بتائیں گے کس طرح گرائی گئی ایم وی اے حکومت

راؤت نے کہا کہ ’دی کیرالہ اسٹوری‘ یا ’دی کشمیر فائلز‘ جیسی فلمیں آ چکی ہیں، اس لیے اب میں ادھو ٹھاکرے حکومت گرانے میں اہم کردار نبھانے والے ’کھوکھا‘ پر ایک حقیقی کہانی لانے کا منصوبہ بنا رہا ہوں۔

سنجے راؤت، تصویر یو این آئی
سنجے راؤت، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

شیوسینا (ادھو گروپ) کے رکن پارلیمنٹ سنجے راؤت نے جمعہ کے روز اعلان کیا کہ جس طرح مہاراشٹر میں جون 2022 میں ’کھوکھا‘ (مقامی بول چال میں کروڑ روپے) کا لالچ دے کر سابقہ ایم وی اے حکومت گرائی گئی، وہ اس پر ایک فیچر فلم بنانے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ سنجے راؤت نے کہا کہ فلم کا عنوان ’ڈائری آف مہاراشٹر کھوکھا‘ ہوگا، اور وعدہ کیا کہ یہ سلور اسکرین پر آنے والی تاریخی فلم ہوگی۔

سنجے راؤت نے کہا کہ ’دی کیرالہ اسٹوری‘ یا ’دی کشمیر فائلز‘ جیسی فلمیں پہلے ہی آ چکی ہیں، اس لیے اب میں یہاں ریاستی حکومت گرانے میں اہم کردار نبھانے والے ’کھوکھا‘ پر ایک حقیقی کہانی لانے کا منصوبہ بنا رہا ہوں۔ راؤت نے شرارت بھری مسکان کے ساتھ کہا کہ فلمساز وویک اگنیہوتری کو اس کام کے لیے رکھ سکتے ہیں، فلم میں لوگ کم اور ’کھوکھا‘ زیادہ نظر آئیں گے۔


واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ ادھو ٹھاکرے کی ایم وی اے حکومت میں شامل پارٹیاں کانگریس، این سی پی اور شیوسینا (یو بی ٹی) نے الزام لگایا تھا کہ ادھو کی قیادت والی سابقہ شیوسینا کے 40 اراکین اسمبلی کو توڑنے کے لیے کم از کم 50 کھوکھا (50 کروڑ روپے) کی ادائیگی کی گئی تھی۔ جون 2022 میں ادھو کے قریبی رہے ایکناتھ شندے کی قیادت میں شیوسینا کے 35 سے زیادہ اراکین اسمبلی اور کچھ اراکین پارلیمنٹ اچانک گواہاٹی چلے گئے تھے اور خود کے اصلی شیوسینا ہونے کا دعویٰ کیا تھا۔ اس کے بعد ادھو ٹھاکرے نے وزیر اعلیٰ عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔