روس-یوکرین کے درمیان بات چیت کا خیر مقدم: اقوام متحدہ میں ہندوستان

ٹی ایس ترومورتی نے کہا کہ ہندوستان اس بات سے بہت فکر مند ہے کہ یوکرین میں حالات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں۔ ہم تشدد کے فوری طور پر خاتمے اور دشمنی کو ختم کرنے کی اپنی اپیل کو دہراتے ہیں۔

اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب
اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب
user

یو این آئی

اقوام متحدہ/نئی دہلی: یوکرین میں بگڑتی ہوئی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی (یو این جی اے) میں ہندوستان نے تشدد کو روکنے کے اپنے مطالبہ کو دہرایا ہے۔ ساتھ ہی ہندوستان نے روس- یوکرین کے درمیان بات چیت کا خیر مقدم کیا ہے۔

اقوام متحدہ (یواین) میں ہندوستان کے مستقل نمائندے ٹی ایس ترومورتی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی میٹنگ میں پیر کو یوکرین پر منعقد ہنگامی خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان مانتا ہے کہ سفارت کی طرف بڑھنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہے۔ ہندوستان نے کہا کہ اس بات کا ذکر وزیراعظم مودی نے روسی صدر ولادیمر پوتن اور ولودیمر زیلنسکی کے ساتھ ہوئی فون پر بات چیت میں بھی کیا تھا۔


ٹی ایس ترومورتی نے کہا کہ ’’ہندوستان اس بات سے بہت فکر مند ہے کہ یوکرین میں حالات مسلسل بگڑتے جا رہے ہیں۔ ہم تشدد کے فوری طور پر خاتمے اور دشمنی کو ختم کرنے کی اپنی اپیل کو دہراتے ہیں۔ ایسے میں ہماری حکومت کا پختہ عزم ہے کہ سفارت کے راستے پر لوٹنے کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔‘‘

ترومورتی نے یوکرین میں بڑھتی ہوئی فوری اور دباؤ والی انسانی صورت حال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان جلد ہی ادویات سمیت دیگر مدد کا سامان یوکرین پہنچائے گا۔ ترومورتی نے کہا کہ ہندوستان یوکرین میں پھنسے ہزاروں ہندوستانی شہریوں کو نکالنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔


ٹی ایس ترومورتی نے یوکرین کی سرحد پر مشکل اور غیر یقینی کے حالات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس سے لوگوں کی بلا رکاوٹ آمدورفت پر برا اثر پڑ رہا ہے۔ انہوں نے پولینڈ اور ہنگری کے ساتھ سرحد پار پر درہم برہم حالات کا ذکر کرتے ہوئے اپیل کی کہ اس پہلو کو فوراً اٹھایا جانا چاہئے۔ واضح رہے کہ یوکرین سے پڑوسی ملکوں میں جانے کی کوشش کرنے والے ہندوستانیوں کو شدید ٹھنڈ میں گھنٹوں انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔

ترومورتی نے یوکرین کے مغربی پڑوسیوں- رومانیہ، ہنگری، سلوواکیہ، پولینڈ، مولدووا کا ذکر کرتے ہوئے ہندوستانی شہریوں کے لئے اپنی سرحدیں کھولنے کے لئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستان پڑوسی ملکوں اور ترقی یافتہ ملکوں کے شہریوں کو یوکرین سے نکالنے کے لئے ان کی مدد کرنے کو تیار ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔