میری گرفتاری غیرقانونی، فوری رہا کیا جائے، نواب ملک کی ہائی کورٹ سے گہار

مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی کے لیڈر نواب ملک نے اپنے خلاف درج منی لانڈرنگ (غیر قانونی لین دین) معاملہ اور گرفتاری کے خلاف بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کے وزیر اور این سی پی کے لیڈر نواب ملک نے اپنے خلاف درج منی لانڈرنگ (غیر قانونی لین دین) معاملہ اور گرفتاری کے خلاف بامبے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔ جرائم کی دنیا کے سرغنہ داؤد ابراہیم سے وابستہ غیر قانونی لین دین کے معاملہ میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی جانب سے 23 فروری کو گرفتار کئے گئے نواب ملک نے اپنی عرضی میں عدالت سے معاملہ کو منسوخ کرنے کی درخواست کی ہے۔

نواب ملک نے اپنی عرضی میں کہا کہ ان کی گرفتاری غیرقانونی تھی اور انہیں فوری طور پر رہا کیا جانا چاہئے۔ نواب ملک کو تین مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیجا گیا ہے۔ ای ڈی نے اس معاملہ میں 18 فروری کو داؤد کے بھائی اقبال کاسکر کو گرفتار کیا تھا۔ اس معاملہ میں چھوٹا شکیل کے معاون سلیم قریشی سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔


قومی جانچ ایجنسی کے مطابق اسے تین فروری کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ داؤد ابراہیم دہشت گردی کے لئے فنڈ جمع کر رہا ہے اور لشکر طیبہ، جیش محمد اور القاعدہ کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ نیز، وہ اپنے قریبی معاونین کے ذریعے ہندوستان میں مجرمانہ سرگرمیاں انجام دے رہا ہے۔

ای ڈی نے داؤد کے خلاف پی ایم ایل اے کا معاملہ درج کیا تھا۔ ایک دیگر معاملہ میں اس کا بھائی اقبال کاسکر، اقبال مرچی اور 19 دیگر افراد کے خلاف بھی معاملہ درج کیا تھا۔ بعد میں دنوں معاملوں کو ای ڈی نے اپنے ہاتھ میں لے لیا۔ چھوٹا شکیل کے رشتہ دار سلیم فروٹ والا نے جانچ ایجنسی کو بتایا کہ 2006 میں پاکستان کے سفر کے دوران وہ چھوٹا شکیل سے تین سے چار مرتبہ ملا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 01 Mar 2022, 11:49 AM