ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر پھر ’آل ٹائم لو‘ پر، کانگریس نے بتایا ’مودی کا نیا ریکارڈ‘
بیرون ملکی کرنسی کاروباریوں نے بتایا کہ خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اچھال، بیرون ملکی پونجی مستقل نکالے جانے اور گھریلو شیئر بازاروں میں منفی رخ کے سبب بھی مقامی کرنسی پر دباؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔

گرافکس @INCIndia
ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر لگاتار کم ہوتی جا رہی ہے۔ پیر کے روز لگاتار دوسرے کاروباری سیشن میں یہ گراوٹ جاری رہی اور غیر مستحکم عالمی اشاروں کے درمیان مضبوط امریکی کرنسی کے سبب روپیہ آج صبح 27 پیسے ٹوٹ کر 86.31 فی ڈالر پر آ گیا۔ اس کے بعد بھی روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری رہا اور 4 بجے ایک ڈالر 86.63 روپے کے برابر پہنچ گیا۔
ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر کم ہوتے دیکھ کر کانگریس نے ایک بار پھر وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو پیش کیا گیا ہے جس میں پی ایم مودی کا پرانا بیان سننے کو مل رہا ہے۔ اس ویڈیو میں وہ کہتے نظر آ رہے ہیں کہ ’’کیا وجہ ہے کہ ہندوستان کا روپیہ پتلا ہوتا جا رہا ہے۔ ملک آپ سے جواب مانگ رہا ہے۔‘‘ اس کے بعد بتایا جاتا ہے کہ ’’ایک بار پھر روپیہ گر گیا ہے۔ روپیہ ڈالر کے مقابلے اب تک کے آل ٹائم لو پر پہنچ گیا ہے۔ ڈالر کے مقابلے روپیہ 86.53 پر پہنچ گیا ہے۔ لیکن نریندر مودی کو اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔‘‘ اس پوسٹ میں کیپشن لگایا گیا ہے ’’مودی کا نیا ریکارڈ۔ 1 ڈالر= 86.53 روپے‘‘۔
اس درمیان بیرون ملکی کرنسی کاروباریوں نے بتایا کہ خام تیل کی قیمتوں میں ریکارڈ اچھال، بیرون ملکی پونجی مستقل نکالے جانے اور گھریلو شیئر بازاروں میں منفی رخ کے سبب بھی مقامی کرنسی پر دباؤ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ آج صبح انٹر بینک بیرون ملکی کرنسی ایکسچینج مارکیٹ میں روپیہ 86.12 روپے فی ڈالر پر کھلا۔ شروعاتی سودوں کے بعد ڈالر کے مقابلے اب تک کی سب سے نچلی سطح 86.31 پر پہنچ گیا جو گزشتہ بند بھاؤ کے مقابلے 27 پیسے کی کثیر گراوٹ ظاہر کرتا ہے۔ روپیہ جمعہ کے روز امریکی ڈالر کے مقابلے 18 پیسے ٹوٹ کر 86.04 پر بند ہوا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔