آر ایس ایس کا دلت مخالف چہرہ ایک بار پھر ظاہر، بزرگ کو پیشاب چاٹنے پر کیا مجبور، کانگریس حملہ آور
کانگریس نے دلت بزرگ کو پیشاب چاٹنے پر مجبور کیے جانے کو شرمسار کر دینے والا واقعہ قرار دیا اور کہا کہ ’’بی جے پی حکمراں اتر پردیش میں پیش آیا یہ واقعہ انسانیت پر داغ ہے۔‘‘

آر ایس ایس اور بی جے پی کارکنان اکثر دلتوں کے ساتھ ظلم کا بازار گرم کرتے نظر آ جاتے ہیں۔ تازہ واقعہ بی جے پی حکمراں اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں پیش آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر ایک دلت بزرگ کو پیشاب چاٹنے کے لیے مجبور کیا گیا۔ اس سلسلے میں کانگریس نے آر ایس ایس پر حملہ کرتے ہوئے قصوروار شخص کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کانگریس نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک اخبار کا تراشہ شیئر کیا ہے، جس میں دلت بزرگ پر ہوئے ظلم کی داستان بیان کی گئی ہے۔ اس تراشہ کے ساتھ کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں آر ایس ایس کارکن نے دلت بزرگ سے پیشاب چٹوائی۔ دراصل بزرگ مندر احاطہ میں بیٹھے تھے، اسی وقت بیماری کے سبب غلطی سے ان سے پیشاب ہو گیا۔ اس سے ناراض آر ایس ایس کارکن وہاں پہنچا اور بزرگ کو نسلی گالی دیتے ہوئے پیشاب چاٹنے کو مجبور کیا۔‘‘ کاگنریس نے مزید لکھا کہ ’’بی جے پی حکمراں اتر پردیش میں پیش آیا یہ واقعہ انسانیت پر داغ ہے۔ اس معاملے میں قصوروار کو سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔‘‘
کانگریس نے دلت بزرگ کو پیشاب چاٹنے پر مجبور کیے جانے کو انتہائی شرمناک قرار دیا اور کہا کہ ’’یہ واقعہ آر ایس ایس-بی جے پی کی دلت مخالف ذہنیت کی علامت ہے۔ دلتوں سے نفرت ان کے خون میں دوڑ رہی ہے۔‘‘ ساتھ ہی پارٹی نے یہ بھی کہا کہ ’’یہ (آر ایس ایس-بی جے پی) ملک میں آئین کو ختم کر کے منوواد نافذ کرنا چاہتے ہیں، تاکہ ذات کی بنیاد پر یہ لوگوں کا استحصال کر سکیں۔‘‘
اتر پردیش میں ہی انسانیت کو شرمندہ کرنے والا مزید ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں بی جے پی لیڈر ایک شخص کو زمین پر ناک رگڑنے کو مجبور کرتا دکھائی دے رہا ہے۔ اس واقعہ کی ویڈیو تیزی کے ساتھ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر وائرل ہو رہی ہے۔ کانگریس نے اس تعلق سے بھی ’ایکس‘ پر پوسٹ جاری کر بی جے پی کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’یہ ویڈیو دیکھیے، ویڈیو میں بھدی بھدی گالیاں دے رہا یہ شخص بی جے پی لیڈر ویکل چپرانا ہے۔‘‘
اس واقعہ کے تعلق سے کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’سڑک پر کار کو لے کر ہوئی چھوٹی سی نوک جھونک میں نیتا جی (ویکل چپرانا) اتنا مشتعل ہو گئے کہ سامنے والے شخص کو گندی گندی گالیاں دیں، زمین پر ناک رگڑوائی، گھٹنوں کی طاقت پر لٹا کر معافی منگوائی۔‘‘ پوسٹ میں کانگریس نے یہ بھی ذکر کیا ہے کہ ’’ویکل چپرانا نے یہ پورا تماشہ اتر پردیش پولیس کے سامنے کیا اور اپنا رعب جھاڑنے کے لیے بڑے بڑے نام بھی شمار کرائے۔‘‘ آخر میں کانگریس نے لکھا ہے کہ ’’یہی بی جے پی کا اصل چہرہ ہے، جہاں لیڈر خود کو راجہ اور عوام کو کیڑے مکوڑوں کی طرح سمجھتا ہے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔